اوپن مارکیٹ :ڈالر 2.25روپے بڑھ کر 243 کا ہوگیا

اوپن مارکیٹ :ڈالر 2.25روپے بڑھ کر 243 کا ہوگیا

کراچی(بزنس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)ایکسچینج ریٹ پر کیپ ہٹانے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 243 روپے پر پہنچ گیاجبکہ انٹربینک میں ڈالرکی قدر میں اضافے کارجحان برقرارہے ،ادھرسونے کی قیمت 1300روپے کے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 1 لاکھ90ہزار600پر پہنچ گئی۔

سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 49پیسے کے اضافے سے 230.89روپے پرجاپہنچا ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر2.25روپے کے نمایاں اضافے سے 243روپے کاہوگیا،اسی طرح یورو کی قدر میں2روپے کا اضافہ ہوا جس سے یورو277روپے کاہوگیا جبکہ برطانوی پاؤنڈ 313روپے پرمستحکم رہا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا13ڈالرکی کمی سے 1925ڈالر فی اونس کاہوگیا۔اردو نیوز کے مطاق ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک سینئر رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ منی چینجرز کے اعلان کے بعد ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے بدھ کو میٹنگ میں منی چینجرز کو پابند کیا کہ ڈالر ریٹ فوری طور پر 250 روپے سے نہ بڑھایا جائے ، رابطہ کرنے پر ترجمان سٹیٹ بینک نے کہا منی چینجرز کو پابند کرنے کے معاملے پر فی الوقت موقف نہیں دے سکتے ،مرکزی بینک جب بہتر سمجھے گا تو اس حوالے سے اپنا موقف جاری کردے گا۔ادھر بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باوجود مقامی سطح پرفی تولہ سونا1300روپے کے اضافے سے ایک لاکھ90ہزار600 اوردس گرام1115روپے کے اضافے سے ایک لاکھ63ہزار409روپے کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت2100روپے پربر قرار رہی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ظفر پرا چہ نے بتایا کہ سٹیٹ بینک نے کیپ کو ختم کرنے سمیت ہمارے تمام مطالبات منظور کر لیے ہیں۔ مرکزی بینک نے کمرشل بینکوں کو مزید ہدایات دی ہیں کہ وہ ایکسچینج کمپنیز کو ڈالرز فراہم کریں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر،روپے کی شرح تبادلہ کو صحیح قدر پر لایا جائے گا تاکہ گرے مارکیٹ کا خاتمہ ہو جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں