جیل بھرو تحریک،کارکن تیاری کریں:عمران خان

جیل  بھرو  تحریک،کارکن  تیاری  کریں:عمران  خان

لاہور (سپیشل رپورٹر،دنیانیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کارکن جیل بھرو تحریک کی تیاری، میرے سگنل کا انتظارکریں، دہشتگردی سراٹھا رہی، حکومت کو مخالفین کچلنے کی فکر، الیکشن کی تاریخ دینا پڑیگی ورنہ آئین شکنی، شہباز کی شوبازیاں بے نقاب، سازش کے تحت مجرم مسلط، نگران حکومت میں ہمارے مخالفین لگائے گئے۔

یہ قوم سے مذاق ، شہباز گل،اعظم سواتی کو برہنہ کرکے تشدد ، فواد چودھری کے منہ پر کپڑا ڈال کر پیش کرنا، 75سالہ شیخ رشید کو ہتھکڑیاں لگانا ظلم کی انتہا، ایسا مارشل لا کے دور میں بھی نہیں ہوا، رجیم چینج کیخلاف بولنے والوں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ، ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے ویڈیو لنک خطاب اور سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ساری جیلیں بھر دیں گے تاکہ ان کا شوق پورا ہو جائے ،ان کو پتا چل جائے گا قوم کہاں کھڑی ہے ، ان کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں،آگے جانے کا راستہ ان کو معلوم نہیں ،ملک میں اس وقت بدترین مہنگائی ہے ، معیشت کے لیے ضروری ہے قانون کی حکمرانی ہو، کون سی قیامت آئی تھی کہ معیشت ڈوبنے کے قریب ہے ،ہماری سب سے بڑی طاقت اوور سیز پاکستانی ہیں، آٹا ، گھی بجلی اور گیس مہنگی ہو چکی ہے ، امپورٹڈ حکومت کے اسحاق ڈار نے پہلے آئی ایم ایف کو دھمکیاں دیں،عمران خان کا کہنا تھا ہم نے اسلامی فلاحی ریاست کی بات کی ، مدینہ کی ریاست کی بنیاد عدل اور انصاف پر تھی، تحریک پاکستان کے وقت بہت سے لوگوں نے قربانیاں دیں، عدل و انصاف کے بغیر کسی ریاست میں خوشحالی نہیں آسکتی،جو قوم اپنے نظرئیے سے ہٹ جاتی ہے وہ ختم ہوجاتی ہے ،عمران خان کا کہنا تھا جب عدم اعتماد لائی گئی تو ڈالر 178 روپے کا تھا،آج ملک بھر میں ڈالر 100 روپے مہنگا ہو چکا ہے ،صرف ایک ہفتے میں ڈالر کی قیمت 50 روپے بڑھی، ہمارے دور میں ڈالر صرف 55 روپے مہنگا ہوا تھا ، شہباز گل کو برہنہ کرکے تشدد کیا گیا،شہباز گل پر تشدد کے اثرات ابھی تک ہیں،شہباز گل امریکا سے پاکستان کی مدد کرنے آیا تھا، اعظم سواتی کو ایک ٹویٹ پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم جس طرف جا رہے ہیں مجھے خوف ہے ہم بچیں گے بھی نہیں،پاکستان کا قیام لوگوں کا خواب تھا قرار داد پاکستان مدینہ کی ریاست پر مبنی ہے ۔اسلام کے نام پرپاکستان کے سوا اورکوئی ریاست نہیں بنی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نہ جاگے اورجدوجہدنہ کی توصورتحال کے ذمے دار ہوں گے ۔15 سے 20 لاکھ پاکستانی سرمایہ کاری شروع کریں تو پاکستان ترقی کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ریزرو ساڑھے 500 ارب ڈالر ، ہمارے ریزرو 3 ارب ڈالر سے بھی نیچے گر گئے ہیں، بچے ، بچے کو پتا ہے جنرل (ر) باجوہ نے این آر او ٹو دیا، کیا پاکستان کوئی بنانا ری پبلک ہے ؟ شاندانہ گلزار نے بیان دیا اس پردہشت گردی کا مقدمہ درج کر دیا گیا۔شیخ رشید کواسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت دی لیکن اس پر مزید کیسز ڈالے جا رہے ہیں، انصاف کے نظام سے پوچھتا ہوں کدھر گئے ہمارے بنیادی حقوق ؟ ارشد شریف کو بیرون ملک قتل کیا گیا، رجیم چینج کے خلاف بولنے والوں کو ڈرایا، دھمکایا گیا، آئین کے مطابق اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، اسمبلیوں کی تحلیل کو 18 دن ہو گئے تاحال گورنر نے الیکشن کی تاریخ نہیں دی، امپورٹڈ ڈاکو الیکشن سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے مجھے جیل ڈالنے کا پلان بنایا ہوا ہے ، یہ سمجھتے ہیں جب تحریک انصاف کمزور ہو گی تب یہ الیکشن کی تاریخ دیں گے ، سارا پاکستان آج عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے ، ان کا پاکستان میں کوئی اسٹیک نہیں، یہ پھر بیرون ملک بھاگ جائیں گے ، جب ہم وفاق میں تھے تب اس طرح کی دہشت گردی کیوں نہیں تھی، اس وقت توہماری حکومت نہیں دہشت گردی آپ کی نااہلی کی وجہ سے ہے ۔

علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے زمان پارک میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ،سیاسی صورتحال ، ملکی معاملات حکومت کے انتقامی اقدامات پر گفتگو کی گئی ،ملاقات میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک بھی شریک ہوئے ،عمران خان اور پرویز الٰہی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخاب کے حوالے سے بھی بات چیت کی،عمران خان اور پرویز الٰہی نے حکومتی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں ، پرویز الٰہی نے ملاقات کے دوران کہا حکومت ملکی معیشت کو تباہ کرچکی امن و امان کی صورتحال بھی تیزی سے خراب ہو رہی ہے ، پی ڈی ایم کی حکومت بدترین بوکھلاہٹ کاشکار ہے ، حکومت گرفتاریاں ،مقدمات ،چھاپوں کے سائے میں اے پی سی کی دعوت دے رہی ہے ، پی ڈی ایم کی حکومت نااہلی کے بعدانتقامی کارروائیوں میں بھی ورلڈ ریکارڈ بناناچاہتی ہے ، حکمرانوں کے مقدمات سے کوئی خوفزدہ نہیں، انتقام کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے ۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا میں انتخاب کی تیاریوں اور امیدواروں کے تعین کے حوالے سے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ذمہ داران کا عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان، خیبرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک اور چیئرمین کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز بھی موجود تھے ،خیبرپختونخوا کے تمام ریجنز میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کے تعین کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،امیدواروں کے تعین کے حوالے سے ریجنل بورڈز کی ابتدائی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،چیئرمین تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی ،قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا فیصلہ چیئرمین عمران خان خود کریں گے ۔اجلاس میں خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی گئی ، گورنر زکی طرف سے الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ،اے پی سی میں شرکت کی دعوت کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ،سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے دہشتگردی کیخلاف پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی ۔

اسلام آباد(سیا سی رپورٹر،سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جن کی دو دن جیل میں رہ کر آنکھیں بھر جائیں وہ جیلیں نہیں بھرا کرتے ، آپ کو جیل بھرو نہیں ڈوب مرو تحریک شروع کرنی چاہئے ، عدالتوں میں اپنے اعمالوں اور کیسز کا حساب دیں جیلیں خود بھر جائیں گی تمہیں کال دینے کی ضرورت نہیں ہے ، عوام آئین کے آرٹیکل 63 ون ایف کی طرف دیکھ رہے ہیں جس کے مطابق ذہنی مریض پارلیمنٹ کا رکن نہیں بن سکتا، ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے ، آٹا بجلی گیس دوائی کی مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی لانے والے شخص کا چہرہ عوام پہچانتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کو گمراہ کرنا اب آسان نہیں ، عمران خان کے دور میں چینی اور آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ۔ ہم نے اس وقت میثاق معیشت کی بات کی اور کہا کہ ملکی معیشت آئی ایم ایف کے حوالے نہ کریں ، ایسا معاہدہ نہ کریں جس سے عوام مہنگائی کے سمندر میں ڈوب جائیں ، عمران خان نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے اپنے دور میں 25ہزار ارب کے قرضے لیے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان آج جیل بھرو تحریک کا نعرہ لگا رہا ہے ، اس نے اپنے دور حکومت میں ساری اپوزیشن اور صحافیوں کو جیلوں میں ڈالا اور انہیں ہراساں کیا ۔ انہوں نے کہا عمران خان نے امریکا جا کر بھی سیاسی مخالفین سے انتقام لینے کی بات کی، اس نے کہا کہ نوازشریف کا اے سی بند کردوں گا ، شہبازشریف نے کمر درد کی وجہ سے نماز کے لئے کرسی مانگی تو ان کے پاس جو کرسی موجود تھی وہ بھی چھین لی گئی ۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ 2016میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کر کے اسے خدا حافظ کہہ دیا گیا تھا اس کی وجہ وہ معاہدہ ہے جس پر عمران خان کے دستخط ہیں ، اگر اس پر عمل نہیں کیا جاتا تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف بڑھے گا۔ جب عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو رہی تھی تو انہوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی اور ملکی ساکھ کو دفن کیا ۔گزشتہ دس سال میں 417ارب روپے خیبر پختونخوا حکومت کو دئیے گئے ، دہشتگردی کی روک تھام کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کیسے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آتے ، انہوں نے اپنے دور حکومت میں صوبے میں دہشتگردی کے مقابلہ کے لئے انفراسٹرکچر ، پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے ، نوازشریف نے عمران خان کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا اور نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا ، لیکن عمران خان کے دور حکومت میں اپیکس کمیٹی کا ایک بھی اجلاس نہیں ہوا ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ آپ کا حکومت تبدیلی کا بیانیہ سائفر سے شروع ہو کر محسن نقوی تک آپہنچا ہے ، آپ درست کہتے ہیں کہ عوام عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہے جہاں آپ کو فوری ریلیف مل رہا ہے ۔وزیر مملکت و ترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر‘‘رد عمل ’’میں کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک چلانے سے قبل چار دن کیلئے جیل جانے والوں کا رونا تو بند کرائیں ، خان صاحب جیل جانے کا شوق ہے تو ضمانتیں کیوں کراتے پھررہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کے اعمال اور زبان انہیں جیل پہنچائیں گے ،پی ٹی آئی والے تڑیاں دینے کے بعد ترلے کرتے ہیں، عمران خان 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات لڑنے کے اعلان پر یوٹرن لے چکے ، اب جیل بھرو تحریک پر بھی یوٹرن لیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں