عمران رلانے کی باتیں کرتے تھے ،مکافات عمل بھول گئے :مریم

عمران رلانے کی باتیں کرتے تھے ،مکافات عمل بھول گئے :مریم

لاہور (سپیشل رپورٹر)مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا عمران خان ہمیں رلانے کی باتیں کرتے تھے مگر بھول گئے اللہ نے مکافات عمل بھی دنیا میں رکھا، نواز شریف نے عوام کو ہمیشہ ریلیف دینے کی کوشش کی۔

ن لیگ کی سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے ،  گزشتہ چار برسوں میں عمران خان نے مقدموں جھوٹ بہتان اور صرف الزام تراشی کی سیاست کی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ میں سابق اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، مریم نواز سے صدر پاکستان مسلم لیگ ن لاہور سیف الملوک کھوکھر ،خواجہ عمران نذیر ،خواجہ سلمان رفیق،یاسین سوہل ،چودھری شہباز ، رانا احسن شرافت، میاں نصیر ،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، باقر حسین ، توصیف شاہ ، سمیع اللہ خان، خالد قادری ،عمران گورائیہ اور عمران جاوید نے ملاقات کی، چیف آرگنائز نے عوامی رابطہ مہم کو تیز اور پارٹی بیانیے کو آگے پھیلانے کے حوالے تجاویز مرتب کیں۔پی پی 142 شیخوپورہ کے مسلم لیگ ن کے متوقع امیدوار سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ جہانزیب خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاتشدد اور ظلم سے تحریک آزادی کشمیر کو دبایا نہیں جا سکتا، عمران نیازی کے دور حکومت میں تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا جو کشمیری بھائیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے اور کشمیری شہدا کے خون سے غداری کے مترادف ہے ،جھوٹ اور انتشار کی سیاست کے علمبردار عمران خان نے معیشت کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں