اسوقت ریاست نہیں اقتدار بچانے کی بات ہو رہی :تھنک ٹینک

اسوقت ریاست نہیں اقتدار بچانے کی بات ہو رہی :تھنک ٹینک

لاہور ( دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’ کی میزبان مریم ذیشان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں ٹیکسز کی بھرمار کی شرائط سامنے آئی ہیں، شرائط میں بجلی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور حکومتی اداروں کی نجکاری شامل ہے جس سے بدحال عوام کی کمر مزید ٹوٹ جائے گی۔

 پروگرام میں گفتگو کرتے معروف تجزیہ کار ایاز امیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف یہ نہیں کہتا کہ آپ غریب عوام پر ٹیکس لگائیں، وہ اخراجات اور خسارے بتاتا ہے ، خسارہ کیسے پورا کرنا ہے یہ ہم نے بتانا ہے ۔ آئی ایم ایف نے تمام محکموں کے افسروں سے اثاثے سامنے لانے کا کہا توحکومت کو بخار چڑھ گیا۔ اپنے کیسز ختم کرنے پر انکا ہوم ورک 100فیصد ہوتا ہے ،روٹی کا مسئلہ گزشتہ 8مہینے میں بنا ہے ۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہو ئے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر دنیا نیوز سلمان غنی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو معلوم ہے پاکستان اس نہج پر کیسے پہنچا ، اس لئے انہوں نے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کا کہا، روٹی دال پاکستان کا مسئلہ کبھی نہیں رہا مگر اب معاملہ روٹی دال پر آ گیا ۔ آئی ایم ایف کی شرائط کا بوجھ عوام پر آئے گا، فری گیس، بجلی ،پٹرول پر پابندی لگائی جائے تو آدھا بحران ختم ہو جائے گا ۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہو ئے معروف تجزیہ کار حسن عسکری کا کہنا تھا کہ وقت بتائے گا کہ آئی ایم ایف شرائط قبول کرنے کے بعد پاکستان خطرے سے نکلے گا یا نہیں، جو حالات ہیں نہیں معلوم دو ماہ بعد صورتحال کیا ہوگی، اس کی بنیادی وجہ ہم تبدیل ہوئے بغیر تبدیلی چاہتے ہیں، اب تو 78کی کابینہ ہو چکی ۔اس وقت ریاست نہیں اقتدار کو بچانے کی بات ہو رہی ہے ۔ پروگرام میں گفتگو کرتے معروف تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ ڈالر نے ڈار صاحب کے معاشی جادو گر ہونے کا جعلی تاثرختم کر دیا ، اسحاق ڈار پر زیادہ سختی ہوئی تو لندن کا ٹکٹ انکی جیب میں موجود ہے جبکہ سرکاری جہاز بھی دستیاب ہے ۔پہلی بار پاکستان میں روٹی کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے ، یہ ایک سماجی مسئلہ ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں