سی پیک سے فائدہ نہ اٹھایا توقیمت چکانا پڑیگی:احسن اقبال

 سی پیک سے فائدہ نہ اٹھایا توقیمت چکانا پڑیگی:احسن اقبال

لاہور (سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دس سال تک سیاسی استحکام سے ہی ملکی ترقی ممکن ہو سکتی ہے ، سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے ،چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔

سی پیک سے فائدہ نہ اٹھایا تو مستقبل میں ہمیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی ،دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے خیبرپختونخوا کو دیئے گئے 417ارب روپے عیاشیوں میں اڑا دیئے گئے ،پاکستان کے مستقبل سے مزید نہیں کھیلاجاسکتا، ہمیں ذمہ دار قوم کی حیثیت سے آگے بڑھنا ہو گا، مہنگائی اور دہشت گردی کی لہر کے پیچھے عمران خان کی چارسالہ حکومت کے غلط فیصلے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں لاہور سکول آف اکنامکس برکی کیمپس میں ''اکنامک رائونڈ ٹیبل کانفرنس'' سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکومت میں توانائی کے منصوبے نہیں لگے جبکہ بڑی بڑی گاڑیاں اور تعمیرات کا سامان لایاگیا ۔ ہمیں حالت امن کا سی پیک کی شکل میں پلان ملا جس سے ہم اپنی صلاحیتوں کو بڑھا سکتے تھے ، ہم نے ونڈ ،ہائیڈرل اور سولر سے بھی توانائی میں اضافہ کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک سے دنیا مقناطیس کی طرح پاکستان میں کھینچی چلی آئی، چین کی سو کمپنیوں نے اسلام آباد میں دفتر کھول لئے تھے ۔ عمران خان کے چار سالوں میں ساری کمپنیاں دفتر بند کرکے واپس چلی گئیں ،پاکستان کی بہت ساری دولت رئیل اسٹیٹ اور پلاٹوں میں لگی ہوئی ہے ، سسٹم میں خرابیوں کو ٹھیک کرنا ہوگا ،ہمیں ضرورت ہے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے ٹیکس چوری اور لیکج کو ختم کیاجائے ، خسارے والے اداروں کو پرائیویٹائز کرنا ہے ، ہم نے سی پیک کو دوبارہ ریڈار پر لاکر چائنہ سے سرمایہ کاری لانی ہے ۔احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے ملکی معیشت کی بنیادیں ہلا دیں ۔

احسن اقبال

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں