عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کا الزام : لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
لاہور، اسلام آباد (سیاسی رپورٹرسے ،خبر نگار،اپنے نامہ نگارسے )عوام کو اداروں کیخلاف اکسانے کے الزام میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کو اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی پولیس نے مقدمہ درج کر کے گرفتار کرلیا۔
اویس خان نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایاکہ بطور مجسٹریٹ اسلام آباد میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہوں25 فروری رات 10:05بجے ٹی وی شو میں لیفٹیننٹ جنرل( ر)امجد شعیب نے اپنے تجزئیے کے دوران سرکاری ملازمین اور اپوزیشن کو اپنے سرکاری اور قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنے کیلئے اکسایا جس پر پولیس نے امجد شعیب کو گرفتار کرلیا،بعد ازاں انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، پراسیکیوٹر نے ملزم کے 7روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا امجد شعیب کے بیان سے تین گروہوں کے درمیان نفرت پھیلائی جارہی ہے ، امجد شعیب پر لگی دفعات کے تحت 5 سال کی سزا ہوسکتی، امجد شعیب کا گرامیڑک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کروانا ہے ، فوٹوگرامیڑک ٹیسٹ لاہور سے کرواناہے ،امجد شعیب کے وکیل مدثر خالد عباسی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاعدالت نے دیکھناہے کہ امجد شعیب نے کوئی جرم کیابھی ہے یانہیں،اگر مجسٹریٹ کو لگتاہے کہ ملزم نے کوئی جرم نہیں کیاتو کیس سے ڈسچارج کیا جاسکتا ہے ، مقدمہ میں لگائی گئی دفعات بنتی ہی نہیں، صرف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ دائر کیاگیاہے ،امجد شعیب تقریباً 80 سال کے ہیں، انہیں کافی عرصے سے ہراساں کیاجارہاہے ،جائز تنقید کرنا اگر غلط ہے تو اپوزیشن کو تو سسٹم سے نکال دیں، امجد شعیب کے وکیل ریاست علی آزاد نے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب نے 1965 اور 1971 کی جنگ لڑی،وہ محب وطن شہری ہیں،امجد شعیب کے وکیل قاسم ودود نے دلائل دیتے ہوئے کہاایف آئی اے نے متعدد بار امجد شعیب سے رابطہ کرنے کی کوشش کی،امجد شعیب کا ملک پر قرض ہے ،امجد شعیب ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر بھی سو چکے اور پھر لیفٹیننٹ بنے ،وکیل قاسم ودود کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہو گئے ، وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں لیفٹیننٹ جنرل امجد شعیب کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم سنادیا۔ادھر عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، جس میں کہاگیاہے کہ ناقابل ضمانت دفعات کے کیس میں پولیس نے ملزم کے پہلے ریمانڈ کی استدعا کی، پولیس کا موقف ہے لاہور سے فوٹوگرامیٹری ٹیسٹ اسلام آباد سے وائس میچنگ ٹیسٹ کروانی ہے ،امجد شعیب کا 2 مارچ تک 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے ،امجد شعیب کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ شروع ہونے سے پہلے اور بعد میں طبی معائنہ کروایا جائے ۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے امجد شعیب کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا ان کی گرفتاری ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت اور آزادی کو مکمل طور پر تباہ کیا جا رہا ہے ،گرفتاری کا مقصد ہے کہ حکومت کی تبدیلی کی سازش اور ہینڈلرز کے ذریعے چلنے والے بدمعاشوں کے فسطائی حکم کو بچایا جا سکے ، اب وقت آگیا ہے کہ ہر پاکستانی حقیقی آزادی کیلئے اٹھ کھڑا ہو اور پاکستان کو بچائے ۔ادھر لیفٹیننٹ جنرل(ر)امجد شعیب کے صاحبزادے نے والد کیخلاف درج مقدمہ اخراج کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔سعد شعیب نے وکیل کے ذریعے درخواست میں وفاق کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حکومت پر تنقید کرنے پر میرے والد کیخلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کر کے انہیں حراست میں لیا گیا، وہ عمر رسیدہ اور بیمار بھی ہیں، انہوں نے پروگرام میں صرف حالات کا تجزیہ کیا کسی کو ہدایت نہیں دی ، مقدمہ میں غیر متعلقہ دفعات لگائی گئی ہیں،درخواست میں استدعا کی گئی کہ امجد شعیب کیخلاف مقدمہ کالعدم قرار دیا جائے اور پولیس کو ہراساں کرنے سے روکا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments