جو حالات ہیں شاید انتخابی مہم نہ چلا پاؤں:فضل الرحمان

جو حالات  ہیں  شاید  انتخابی  مہم  نہ  چلا  پاؤں:فضل  الرحمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، خبرایجنسیاں) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جو حالات ہیں میں شاید انتخابی مہم نہ چلا پاؤں،مردم شماری چل رہی ہے ، عدالتوں کو احساس نہیں،کیا الیکشن ریاست سے زیادہ ضروری ہیں؟۔

ادارے قیام امن میں مصروف ہیں،کہہ رہے ہیں 90روز میں الیکشن آئینی تقاضا،لیکن پرویز مشرف کیلئے یہ تقاضا کیوں نہیں تھا؟زلمے خلیل، یہودیوں کی عمران کیلئے سپورٹ لمحہ فکریہ،زمان پارک نو گو ایریا بنا دیا گیا ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہم جن حالات میں ہیں زمینی حقائق کو تو دیکھ لیں۔ جن علاقوں کا انضمام کیا گیا ہے وہاں الیکشن کا ماحول ہی نہیں ہے ، کس طریقے سے ان حالات میں ہم انتخابی مہم چلائیں گے ، الیکشن ضروری ہیں،مگر کیا ریاست اس سے زیادہ ضروری نہیں؟،امن وامان کے قیام کیلئے ریاستی ادارے کام کر رہے ہیں، اس دوران انکے کام کو ڈسٹرب کرنا ،وہ نہ آپ کا ساتھ دے سکیں گے نہ وہاں سے پیچھے ہٹ سکیں گے کہاں جائیں گے وہ؟۔ الیکشن کو صوبوں کی سطح پر تقسیم کرنے کی سازش کہاں ہوئی؟ ہمارے ادارے سپورٹ کیسے کر رہے ہیں؟۔ فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کسی عدالت میں پیش ہو رہا ہے نہ وارنٹ خاطر میں لارہا ہے ،ملک کے خلاف بیرونی ایجنڈے پر کار بند ہے ، زمان پارک میں پولیس پر پتھراؤ اور پٹرول بم پھینکے گئے۔

عمران غیر ملکی ایجنٹ ، ان کا ایجنڈا پاکستان اور آئین پاکستان کے نظریے کے خلاف ہے ۔ ہم عمران خان کے خلاف میدان جنگ میں ہیں، اس سوچ کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، ہم اپنے دین اور آئین کی حفاظت کر رہے ہیں یہ جہاد سے کم نہیں۔ فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے سابق نمائندے زلمے خلیل زاد نے پاکستان کا خفیہ دورہ کر کے سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔زلمے خلیل زاد پاکستان میں علیحدگی پسند تنظیموں کا حامی ہے جو چین کے خلاف بات اور الجزائر پر پابندی کا مطالبہ کرتا ہے ۔ سابق برطانوی سفیر گریک مرے مقدس شخصیات کے خاکے بنانے کا حامی ہے وہ بھی عمران خان کی حمایت میں بیان دے رہا ہے ،بار ہا کہہ چکے کہ عمران خان ملک کے خلاف بیرونی طاقتوں کے ایجنڈے پر ہے ، اسلام اور پاکستان مخالف قوتیں ملک میں عدم استحکام اور انتشار چاہتی ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی پارٹی کارکنوں کو ڈھال بنا کر قانون کا سامنا کرنے سے فرار چاہتا ہے ۔ دریں اثنا فضل الر حمن سے پارٹی رہنما سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے ملاقات کی ،حافظ حسین احمد نے مولانا فضل الر حمن کی خیریت دریافت کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں