عمران کو گرفتار کرنے کا سوچ رہے ہوتے ہیں کہ ضمانت مل جاتی ہے:وزیر داخلہ:چنددنوں کی حرکات نے فاشسٹ رجحانات ظاہر کردیئے:وزیراعظم

عمران  کو  گرفتار  کرنے  کا  سوچ  رہے  ہوتے  ہیں  کہ  ضمانت  مل  جاتی  ہے:وزیر  داخلہ:چنددنوں  کی  حرکات  نے فاشسٹ  رجحانات  ظاہر  کردیئے:وزیراعظم

لاہور،اسلام آباد(دنیا نیوز ، سیاسی رپورٹر ، ایجنسیاں) وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے کہا کہ عمران کو گرفتار کرنے کا سوچ رہے ہوتے ہیں کہ ضمانت مل جاتی ہے ،ضمانت ملنے سے لاقانونیت پر یقین رکھنے والے کا حوصلہ بڑھے گا،عمران خان ایک فتنہ ہے وہ ملک میں فساد چاہتاہے ،یہ شخص اپنے مخالفین کے ساتھ بیٹھنا اور بات نہیں کرنا چاہتا، ایسے شخص کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کیا جانا چا ہئے ۔

زمان پارک سے جو ثبوت سامنے آئے ہیں وہ تحریک انصاف کو کالعدم قرار دینے کا ریفرنس بنانے کیلئے کافی ہیں۔ پولیس جب نو گو ایریا کلیئر کرانے گئی تو غیر مسلح تھی، پولیس پر پتھراؤ ہوا، زمان پارک نو گو ایریا بنا ہوا تھا جسے کلیئرکروادیا گیا۔زمان پارک میں پولیس پرفائرنگ کی گئی۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں ایک بار تو ہر چیز کلیئرہوگئی ، اسکا مائنڈسیٹ سامنے آگیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عدالت میں عمران خان کی سکیورٹی کے بھر پور انتظامات تھے ، افسوس کے ساتھ عمران خان کو گاڑی میں ہی حاضری لگانے کی اجازت دی گئی، سنا ہے کہ گاڑی میں بھیجی گئی فائل غائب ہو چکی ، عمران خان بزدل ہے ۔ نام نہاد سیاسی لیڈر کی وجہ سے لاہور کے باسیوں کو مشکلات ہوئیں، بشریٰ بی بی جہاں موجود ہیں وہاں سرچ آپریشن نہیں کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کے گھر سے کلاشنکوف اور پٹرول بم بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے ، عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ بد قسمتی سے رہنے والا وزیر اعظم کیسا ہے ، عمران خان جانتے ہیں کہ توشہ خانہ کی چوریوں پر سزا ہو گی اسی لئے عدالت نہیں جاتے ، انتشار کو روکنے کیلئے نہتے پولیس افسران زخمی ہوئے ، ہم نے عمران خان کو آفر دی تھی کہ اگر خطرہ ہے تو ہم آپ کو سکیورٹی دیں گے ، عمران خان جتھے کی صورت میں عدالت پہنچے ، ان کے ساتھ 3، 4 سو افراد میں 100 افراد مسلح تھے جن کی فوٹیج موجود ہے اس لئے پولیس نے ان کو روکا۔ عدلیہ کے اس رویے نے عمران خان کی خرمستی میں اضافہ کیا ہے ، اگر 2018 میں قوم ڈٹ جاتی اور اس کا راستہ روکتی تو حالات آج بہتر ہوتے ، اس کو لانے والے بھی یقیناً آج پچھتا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ زمان پارک سے گرفتار 65 افراد میں سے اکثریت کا تعلق پنجاب سے نہیں ہے ، زمان پارک سے جو اسلحہ برآمد ہوا ہے وہ سارا غیر قانونی ہے ۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کی حرکات نے فاشسٹ، عسکریت پسندانہ رجحانات عیاں کر د ئیے ،پٹرول بم حملوں سے عدلیہ کو دھمکانے تک آر ایس ایس کی پیروی کاثبوت ہے ، اگر کسی کو کوئی شک ہو تو دیکھ لے کہ لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے سے لے کر جتھوں کی قیادت تک، اس نے آر ایس ایس کی کتاب سے ایک پرچہ نکال لیا ہے ۔مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ زمان پارک میں خاتون تھی تو پولیس پرگولیاں کون برسا رہا تھا؟، عمران نے عسکریت پسند اور دہشتگرد پال رکھے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ جھوٹ بولنے سے پہلے سوچتے بھی نہیں؟ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر سے ایک پٹرول بم اہلکاروں کی جانب پھینکا جارہا ہے ، مریم نواز نے لکھا کہ کہا تھا نا کہ یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جس کے سرغنہ نے قانون اور سزا سے بچنے کے لئے شرپسند گھر میں رکھے ہوئے ہیں، یہ مناظر آج سے پہلے صرف دہشت گردی کے حوالے سے دیکھنے کو ملے ،شرمناک! ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اب پتہ چلا کہ جب سے اس ‘دہشت گرد’ کو زبردستی سیاست میں گھسیڑا گیا، تب سے ملک فتنہ اور انتشار کا شکار کیوں ہے ؟ لانے والے بھی اپنے بدترین انجام کو پہنچے ، اس کی سیاست بھی رسوائی کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب لڑھک رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ نہتے جدوجہد کی، قربانیاں دیں، پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کہنا یا عمران خان کو سیاسی لیڈرکہنا کئی دہائیوں پر پھیلی سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی تذلیل ہوگی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدلیہ ریاستی کمزوری کے تاثر کی ذمہ دارہے ، ریاست کی رٹ قائم رکھنا حکومت کے ساتھ اداروں کی بھی ذمہ داری ہے ، پی ٹی آئی نے خود کو مسلح گروہ میں تبدیل کر دیا ، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک شخص جتھے لے کر عدلیہ پر حملہ آور ہو اور اسے ریلیف مل جائے ۔ یہ شخص نوجوانوں کے برین واش کر کے ان سے ریاست پر حملے کرواتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک چور، دہشتگرد اور کرپٹ کھلے عام پھر رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر ملکی میڈیا سے کہتا ہے کہ میرے پاس حفاظتی ضمانت موجود ہے ، یہ جھوٹ بولتا ہے ، اگر اس کے پاس حفاظتی ضمانت موجود ہے تو معذور اور بزرگ کیوں ہے ؟، اگر ضمانت موجود تھی تو انہوں نے انڈر ٹیکنگ کیوں دی؟، عمران خان پولیس وینز کی گاڑیوں پر پٹرول بموں سے حملے کروانے میں ملوث ہے ۔ عمران خان نے اپنے دور میں صحافیوں کو اغواکروایا، ان کے چلتے پروگرام بند کروائے ، پوری اپوزیشن کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں بند کیا۔ اس نے گلگت بلتستان کی پولیس کو پنجاب کی پولیس سے لڑایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان ہے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کے معاہدے سے ہاتھ بندھے ہونے کے باوجود مفت آٹے کی فراہمی شروع کروا دی ہے ۔مریم اورنگزیب نے کہا انصاف دہشتگردوں سے خوفزدہ،ریاست پر حملہ آور کو ضمانت کا بنڈل ملا،ریاست کیلئے زخم کھانے والوں کو پیغام ہے گھڑی چور آئین سے بالاترہے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان نے فرد جرم سے بچنے کیلئے عدالت میں پیشی پر تاخیری حربے استعمال کئے ، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس پر پتھراؤ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، زمان پارک سے ملنے والے اسلحہ سے ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی دہشت گرد جماعت بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بدعنوان شخص ہے ، فرد جرم سے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالتیں انصاف میں امتیاز کا تاثر زائل کریں،عمران عدالت کے دروازے پر آکر بھی پیش نہ ہوئے ،دروازے پر حاضری لگائی گئی،خدارا اپنے نظام انصاف کا مذاق نہ اڑائیں۔نوازشریف، زرداری نے بھی کبھی ایسارویہ نہیں اپنایا، اسلام آباد میں ناممکن مناظر دیکھنے کو ملے ،انہوں نے کہا کہ شام کو عدالتیں کھول کر 9، 9 کیسوں میں ضمانتیں دی گئیں، اعلیٰ عدلیہ سے توقع ہے کہ اس طرح کی سہولتیں دیتے ہوئے سائل کا رویہ ضرور دیکھے ، یہ کون اجازت دے سکتا ہے کہ عدالت کے احاطے میں گاڑیاں لے جائی جائیں، ریاست کے صبر کا امتحان نہیں لینا چا ہئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں