زمان پارک آپریشن مریم نواز رانا ثنا کے کہنے پرہوا،پرویز الٰہی

 زمان پارک آپریشن مریم نواز رانا ثنا کے کہنے پرہوا،پرویز الٰہی

لاہور (سپیشل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،صباح نیوز)سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن بالکل بلاجواز اور لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ، آپریشن مریم نواز اور راناثنا اللہ کے کہنے پر ہوا۔

 عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خانم نے وارنٹ طلب کیا تو انہیں کوئی وارنٹ نہیں دکھایا گیا،پولیس ان کے شوہر اور بچوں کو بھی اٹھا کر لے گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمان پارک میں پولیس آپریشن کے بعد دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور علیمہ خان سے ملاقات کی۔ پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ زمان پارک میں آپریشن مریم نواز اور رانا ثنا کی ایما پر کیا گیا ، سوئی قوم کو جاگنا پڑے گا یہ الیکشن سے فرار کے راستے ڈھونڈ رہے ہیں ۔ زمان پارک کے اندر پولیس کے غنڈوں نے اودھم مچایا ، ان پر تو توہین عدالت لگے گی، ہم عدالت جارہے ہیں ۔پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ ممتاز قانون دان اعتزاز احسن نے حکومت اور پولیس کاسب جھوٹ ننگا کر دیا، ہمیں اللہ اور اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کی امید ہے ، ان شاء اللہ عدالتیں ضرور انصاف دیں گی ، نہتے کارکنوں اور ملازمین پر شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال انتہائی افسوسناک ہے ۔ جبکہ پرویزالٰہی کی آمد پر ایک خاتون کارکن نے احتجاج کیا اور کہا کہ آپ اس وقت کہاں تھے جب آپریشن ہوا۔مزید برآں سابق وزیراعلیٰ سے سابق ارکان و امیدوار پنجاب اسمبلی کے بارہ رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد میں کرنل (ر)انور، میاں جلیل شرقپوری، میجر (ر)لطاسب ستی، ملک جمشید، عون حمید ڈوگر، نیاز احمد گشکوری، احسان الحق نولاٹیہ، اشرف خان رند، عمران رفیق بٹر، انجینئر شہزاد الٰہی، ندیم شہزاد اور عامر بھٹی شامل تھے ، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پرویزالٰہی نے کہا کہ نااہل حکمران عمران خان کو دہشتگرد قرار دلوا کر نوازشریف کو خوش کرنا چاہتے ہیں ۔ علاوہ ازیں اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کی مذمت کرتا ہوں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں