عمران بیرونی قوتوں کا آلہ کار بن کر فساد برپا کررہا :فضل الرحمن

عمران بیرونی قوتوں کا آلہ کار بن کر فساد برپا کررہا :فضل الرحمن

پشاور(آن لائن)جمعیت علما ئے اسلام بیرونی ایجنڈے کے خلاف میدان عمل میں ہے ، عمران کو سپورٹ کرنے والی بیرونی شخصیات ملک دشمن ایجنڈے کو سپورٹ کررہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار جے یوآئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے مرکزی اور خیبر پختونخوا کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری ،اکرم خان درانی گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، ڈپٹی سپیکر زاہد درانی ،محمد اسلم غوری اور وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی گزشتہ 4 سال سے الیکشن کا مطالبہ کرتی چلی آرہی ہے ،جے یوآئی قومی وصوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیگی لیکن ریاست کو داؤ پر لگا کر ملک کو مزید تباہی کی طرف لے جانے کی ہر گز اجازت نہیں ہونی چا ہئے ۔ اسرائیل اور امریکا کے نمائندے براہ راست عمران خان کے حق میں ٹویٹ کرکے اعتراف کررہے ہیں کہ عمران ان کا نمائندہ ہے ،کاغذ کا ٹکڑا لہرا کر امریکا پر الزام لگانے والا عمران خان امریکیوں سے ملاقات کرکے اقتدار کے لئے ہاتھ پاؤں ما ررہا ہے ، اسرائیل اور امر یکا سے کھلی وفاداری کا اعلان کرنے والا دوبارہ قوم پر مسلط ہونے کے خواب دیکھ رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں