آشیانہ :مزید 5گواہوں نے شہباز شریف کو بیگناہ قرار دیدیا

آشیانہ :مزید 5گواہوں نے شہباز شریف کو بیگناہ قرار دیدیا

لاہور(اپنے خبر نگار سے ،این این آئی)احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب کے مزید پانچ اہم گواہوں نے بیان قلمبند کروا دیا اور شہباز شریف کو بے گناہ قرار دے دیا ۔عدالت نے سماعت پچیس مارچ تک ملتوی کر دی ۔

نیب نے شہباز شریف،احد چیمہ اور فواد حسن فواد سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے ۔ احتساب عدالت کے جج ساجد علی اعوان نے گزشتہ روز آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی پراجیکٹ پر سماعت کی ۔شہباز شریف کے پلیڈر انوار حسین،احد چیمہ بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے گواہوں کی شہادت قلمبند کرائی۔گواہان نے قرار دیا کہ اس پراجیکٹ میں کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوا ،قانون کے مطابق بڈ اوپن ہوئی ۔ نیب کے گواہ خالد پرویز ڈپٹی کمشنر لیہ نے بیان میں کہا کہ میں 2013 سے 2015 تک ڈائریکٹر ایل ڈی اے تھا ،میں نے معاہدے پر سائن کئے ،کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ۔گواہ محمود احمد سلہری وائس پریزیڈنٹ نیسپاک نے کہا کہ بڈ اویلیوایشن باقاعدہ ایک کمیٹی نے کی ۔نیب گواہ حسین احمد ڈیزائن سپیشلسٹ نے کہا کہ ہر بڈ ویڈیو کیمروں کی موجودگی میں وصول کی گئی ۔ گواہ شاہد کامران سابق ریسرچ اینالسٹ ایل ڈی اے نے بھی بیان دیا۔عدالت نے وکلا کو گواہوں کے بیانات پر جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 25 مارچ تک ملتوی ۔ یاد رہے کہ عدالت نے شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں