70ہزار ادویات کی قیمت میں اضافہ کیلئے سفارشات طلب

70ہزار ادویات کی قیمت میں  اضافہ کیلئے سفارشات طلب

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے 70ہزار سے زائد رجسٹرڈ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی سفارشات دینے کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے پا لیسی بورڈ کو معاملہ بھجوا دیا اور سفارشات مانگ لیں۔

 پالیسی بورڈ نے اجلاس 24 مارچ کو طلب کر لیا، سفارشات حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو پیش کی جائیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا تعین کرنے کیلئے گزشتہ سال نومبر میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی کاپہلا اجلاس رواں ہفتے 14مارچ کو ہوا جس میں فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ڈالر کی قدر میں اضافہ کے پیش نظر 70 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ادویات کی قیمت میں فوری 36 فیصد اضافہ کا مطالبہ کیا بصورت دیگر ادویات کی تیاری بند کرنے کا عندیہ دیاتھا۔ ڈریپ پالیسی بورڈ کے چیئرمین وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت ہیں ، ممبران میں وزارت قانون، چاروں صوبائی سیکرٹر یز صحت اور چاروں صوبوں کے نمائندے شامل ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں