عمران پیشی:ہسپتالوں میں ایمرجنسی ،موبائل ، نیٹ سروس معطل رہی

عمران پیشی:ہسپتالوں میں ایمرجنسی ،موبائل ، نیٹ سروس معطل رہی

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر، نیوز رپورٹر، آئی این پی ) عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی تھی ۔

 سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے ، اس کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 بھی نافذ تھی۔ جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کی تمام سڑکوں کو سیل کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔کنٹینرز لگا کر  راستوں کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔جوڈیشل کمپلیکس جانے کے لیے صرف سری نگر ہائی وے کا راستہ کھلا تھا۔پی ٹی آئی کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کے مطابق پارٹی رہنمائوں کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی ، ان کے علاوہ پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا کارکن کو داخلے کی اجازت نہیں تھی ۔جی الیون چوک پر قیدی وین، فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایمبو لینس بھی پہنچا دی گئی تھی۔ وزارت داخلہ کی سفارش پر وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔پمز، پولی کلینک ،نرم، کیپٹل اور فیڈرل جنرل ہسپتال کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی تھیں ، ڈاکٹرز اور طبی عملہ کو ڈیوٹی پر الرٹ کیاگیاتھا۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 4 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ زیرحراست کارکن نعرے بازی کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں