پارکو کی لائن سے تیل چوری کا مقدمہ درج، چوکی انچارج معطل

پارکو کی لائن سے تیل چوری کا مقدمہ درج، چوکی انچارج معطل

کراچی (سٹاف رپورٹر) کلفٹن سی ویو کے قریب تیل چوری کرنے کے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے چوکی انچارج کو معطل کرتے ہوئے عہدے میں تنزلی کر دی گئی۔

۔ تفصیلات کے مطابق کلفٹن سی ویو کے قریب پارکو کی لائن لیک ہونے اور تیل چوری کیے  جانے کا انکشاف ہواہے ، جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ سیکیورٹی آفیسرعزیز الرحمن کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا، جس میں چوری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ کچھ روز قبل شاہ لطیف ٹاؤن میں بھی پارکو کی لائن کو لیک کر کے تیل چوری کیا جا رہا تھا، واقعہ 15 مارچ رات 1 بجے کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ چوروں نے پائپ لائن پر لوہے کا کلپ لگایا ہوا تھا اور اس کے ساتھ ایک پائپ پریشر پائپ کے ساتھ جڑا ہوا پایا گیا، تیل چوری کرنے کے لیے پائپ سیوریج نالے کے اندر سے جا رہا تھا، مینٹی ننس ٹیم نے کلپ نکال کر سیفٹی کلپ لگا کر پائپ کو نکالا۔ ایف آئی آر کے مطابق سپروائزر جمشید نے سی ویو کلفٹن کے قریب آئل کی بو آنے کی اطلاع دی، جگہ کا معائنہ کیا تو کروڈ آئل کو گرا ہوا پایا، جس کے بعد واقعہ کی اطلاع مینٹی ننس ٹیم کو دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کروڈ آئل کی لائن کیماڑی سے کورنگی تک جا رہی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے پارکو کی لائن سے آئل چوری کا نوٹس لیا اورچوکی انچارج سی ویو سب انسپکٹر راجا انتظار کو معطل کرتے ہوئے عہدے میں تنزلی کے احکامات جاری کر دیئے ۔ ترجمان ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ ایس ایس پی ساؤتھ کو واقعہ کی مکمل انکوائری کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے اور تیل چوری میں ملوث گینگ کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں