الیکشن لڑنانہ سیاست کرنی ہے،لوگوں کی فلاح بہبود کیلئے کام کرونگا:محسن نقوی

الیکشن  لڑنانہ  سیاست  کرنی  ہے،لوگوں  کی  فلاح  بہبود  کیلئے  کام  کرونگا:محسن  نقوی

لاہور (سپیشل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کے معاملے میں صرف پنجاب حکومت کا عمل دخل نہیں۔الیکشن کاتعین کر نے میں بہت سے ادارے کارفرماں ہوتے ہیں،سوچ سمجھ کر ہی فیصلہ کیاگیا ہوگا۔

یوم پاکستان پر مزاراقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں،انہوں نے الزام لگایا ہے اس کی تحقیقات کر کے کارروائی ہونی چاہیے ۔پولیس پر الزامات کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔میں نے الیکشن نہیں لڑنا،سیاست نہیں کرنی لیکن لوگوں کی فلاح وبہبود کا کام ضرور کرنا ہے ۔5 ارب روپے صرف رمضان بازار لگانے پر خرچ آرہا تھا۔ گزشتہ برس ٹینٹ کا کرایہ 2ارب 40کروڑ تھا، اب یہ سارامالی فائدہ عوام کو پہنچانا چاہتے ہیں۔پہلے لینڈ کروزر والے کو بھی امدادی نرخ پر آٹا مل رہا تھا،اب صرف مستحقین کو مفت دیں گے ۔ عوام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مفت آٹے کیلئے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔چپ کے بغیر شناختی کارڈ والوں کو رجسٹر پر اندراج کر کے آٹادینے کے احکامات پر عملدر آمد شروع ہوگیا ۔انہوں نے کہاکہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے آٹے کے حصول کیلئے کمپیوٹر اورسسٹم پر اندراج یقینی بنایا ہے ۔پنجاب بھر میں چندر وز میں 50لاکھ آٹے کے بیگز مستحقین میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔فری آٹے کی تقسیم یقینی بنانے کیلئے میں خود جاکر فیلڈ میں جائزہ لے رہا ہوں۔قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے یوم پاکستان کے موقع پر حضوری باغ میں مزار اقبال پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی۔مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ نے ملک کی سا لمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کیلئے دعا کی۔ محسن نقوی نے وزیٹرزبک میں تاثرات درج کیے ۔ادھر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں مفت آٹے کے پوائنٹس کے اچانک دورے کئے ۔

شہریوں نے محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تصدیق سے آٹا تھیلا ملنے تک صرف 2 منٹ لگے اور پوائنٹ پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اورہم اس مفت آٹے کے خصوصی پیکیج سے بہت خوش ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ٹرک میں آٹے کے تھیلوں کا وزن کرایا،آٹے کے تھیلے کا وزن 10 کلو پورا تھا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال گوجرانوالہ کے ٹراما سینٹر کااچانک دورہ کیا۔ایمرجنسی کیلئے نئی عمارت کی تعمیرکااعلان کیا۔ علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔آئی سی یومیں وینٹی لیٹرز بیڈز کا بھی معائنہ کیا۔مریضوں کی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے مریضوں اورتیمارداروں سے فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کو مریضوں سے شفقت کے ساتھ پیش آ نا چاہیے ۔وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کی حدود میں زیادتی کا نشانہ بننے والی ماں بیٹی کی رہائشگاہ پہنچے ۔ماں بیٹی سے ہمدردی کااظہار کیا اوران کے لئے 10لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ بعد ازاں محسن نقوی لاہور میں اچانک ایجرٹن روڈ پر قائم فری آٹا ڈسٹری بیوشن پہنچ گئے ۔آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹ پر انچارج کی عدم موجودگی پر محسن نقوی نے اظہار برہمی کیا۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کمشنر لاہو رنے انچارج آٹا پوائنٹ تبسم کو عہدے سے ہٹا دیا اوراے سی شالیمار کو فرائض سے غفلت پر وارننگ جاری کی ۔ وزیراعلیٰ نے ایجرٹن روڈ ڈسٹری بیوشن پوائنٹ پر آٹا لینے کے لئے آنے والی خواتین سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے آٹے کے تھیلے کا وزن چیک کرایا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شناختی کارڈکے ذریعے آٹے کے حصول کے سسٹم کا مشاہدہ بھی کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں