کراچی :عمران نے 4سال اپنے حلقے میں کچھ نہ کیا:بلاول

 کراچی :عمران نے 4سال اپنے حلقے میں کچھ نہ کیا:بلاول

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جوہر چورنگی پر بنائے گئے ضیاء محی الدین فلائی اوور کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ،صوبائی وزرا ناصرحسین شاہ،شرجیل انعام میمن، سعید غنی ، مرتضیٰ وہاب،شہلا رضا اور دیگر نے شرکت کی۔وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے چیئرمین پی پی پی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فلائی اوور پر کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ انڈر پاس پر کام جاری ہے ۔ بلاول بھٹو نے وزیر بلدیات کو ہدایت دی کہ انڈر پاس پر کام کی رفتار تیز کی جائے ۔بعدازاں بلاول بھٹو نے اس حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج میں نے ضلع شرقی میں ضیائمحی الدین فلائی اوور کا افتتاح کیا، اس حلقے سے خان صاحب منتخب ہوئے تھے مگر حکومت سندھ نے صرف 5 ماہ میں وہ کر دکھایا جو وزیراعظم ہونے کے باوجود عمران خان 4 سال میں نہیں کرسکے ،عمران خان نے وزیراعظم ہوتے ہوئے اس علاقے کیلئے کچھ نہیں کیا،میں حکومت سندھ کا شکرگزارہوں کہ اس نے اتنے کم عرصے میں اس فلائی اوورکا تحفہ دیا، یہاں ایک انڈرپاس بھی زیر تعمیر ہے جس کے افتتاح کیلئے جلد آؤں گا۔ شرجیل میمن نے کہاکہ پیپلز پارٹی پرتنقید کرنے والوں سے کہوں گا کہ پیپلزپارٹی نے ہر سیکٹر میں بہترین کام کرکے دکھایا ہے جو کسی اور جماعت نے نہیں کیا، انڈر پاسز و سینکڑوں کلومیٹر سڑکیں بنائیں، جدید بسیں چلائیں، ہسپتال بنائے جہاں ملک بھر سے لوگ مفت علاج کروانے سندھ آرہے ہیں، عمران خان خود کراچی سے جیتا اس کے باوجود ایک رات بھی کراچی میں نہیں گزاری،بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو کراچی کے لوگوں نے ٹھڈے مار کر بھگایااور ان شااللہ عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کو ناکامی نصیب ہو گی ، دنیا بھر کے وہ لوگ جو کبھی پاکستان کے حق میں نہیں رہے آ ج عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی سے زیادہ نشستیں پیپلز پارٹی نے لی ہیں ، ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی وجہ سے جماعت اسلامی سیٹیں لے گئی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں