حسان نیازی کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد ، جیل بھیجنے کا حکم

حسان نیازی کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد ، جیل بھیجنے کا حکم

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )ڈیوٹی مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت نے کارسرکار میں مداخلت سے متعلق مقدمہ میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی پولیس استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل کرنے کا حکم دے دیا۔

گزشتہ روز سماعت  کے دوران دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر حسان نیازی کو عدالت پیش کیاگیااور پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کہ استدعا کرتے ہوئے کہاگیا کہ ساتھی ملزم کا معلوم ہوگیاہے لیکن پسٹل اور گاڑی برآمد کرنا باقی ہے ،استدعا ہے کہ مزید پانچ روز کا جسمانی ریمانڈ دیاجائے ، اس موقع پر حسان نیازی کے وکیل فیصل چودھری نے مزیدجسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ 72 گھنٹے سے زیادہ ہو گئے ہیں یہ ان کے پاس ہیں لیکن ابھی بھی پسٹل برآمد کرنا ہے ،ایک چیز جب ان کے قبضے میں نہیں ہے تو بندے کو قبضے میں رکھنا کیسے ممکن ہے ،حسان نیازی کا گناہ یہ ہے کہ عمران خان کے بھانجے ہیں،حسان نیازی کے دوسرے وکیل علی بخاری کی جانب سے حسان نیازی کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاگیا کہ پولیس رپٹ میں لکھا ہے کہ 11 بجے اٹھایا گیا اور 4 بجے شام کو گرفتاری ڈالی گئی، فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعدعدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا،اور بعد ازاں عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کیلئے پولیس استدعا مسترد کرتے ہوئے حسان نیازی کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا اور کہا ہے کہ 6اپریل کو عدالت پیش کیاجائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں