بلال افضل کا اوکاڑہ ، دیپالپور میں مفت آٹے کے پوائنٹس کا معائنہ

بلال افضل کا اوکاڑہ ، دیپالپور میں مفت آٹے کے پوائنٹس کا معائنہ

لاہور (سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل نے جمعرات کے روز اوکاڑہ اور دیپالپور کا دورہ کیا جہاں پنجاب حکومت کی جانب سے مفت آٹے کی تقسیم کے لئے قائم مختلف پوائنٹس کا معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے مسائل دریافت کئے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشا ن حنیف سمیت متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے صوبائی وزیر نے  ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت غریب عوام کے لئے تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکیج کو بروئے کار لا رہی ہے اور 10 کروڑ افراد میں 53 ارب روپے کا آٹا مفت تقسیم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہل فرد کو رمضان کے دوران مرحلہ وار آٹے کے تین تھیلے ملیں گے ۔بلال افضل نے کہا حکومت لوگوں کی آسانی اور سہولیات کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔اس موقع پر انہوں نے اوکاڑہ میں مفت آٹا پوائنٹس کی سکیورٹی پر 1122 کے طبی امداد کے کائونٹر،خواتین اور مردوں کے الگ الگ پوائنٹس کے قیام سپیشل افراد کیلئے ویل چیئر، ریسکیو 1122 کے انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے ان مبارک دنوں میں ہمیں جذبہ خدمت سے آگے بڑھنا ہے اور اپنی ذمہ داریاں فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے لوگوں کی خدمت کا ایک موقع دیا ہے اور ہمیں اپنی تمام تر صلاحیتیں اورتوانائیاں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے صرف کرنا ہیں۔ صوبائی وزیر نے آٹا فراہمی پوائنٹس پر شکایات سیل طبی امداد کے کائونٹر کا بھی جائزہ لیا، اپنے دورے میں انہوں نے مرد و خواتین سے سپیشل رمضان پیکیج سے متعلق دریافت کیا تو لوگوں نے وزیراعلیٰ پنجا ب محسن نقوی اور پنجاب گورنمنٹ کے اس اقدام کو سراہا۔ صوبا ئی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر ضلع کے لئے صوبائی وزرا کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں جو تواتر سے فیلڈ کے دورے کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ فری آٹا کی تقسیم پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکیج ہے ۔قبل ازیں ڈی سی نے بلال افضل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اوکاڑہ میں آٹے کی تقسیم کے 9 پوائنٹس اور 120 کاؤنٹر قائم کئے گئے جن کے ذریعے اب تک ایک لاکھ سے زائد مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ آٹے کی تقسیم کا طریق کار شفاف رکھا گیا ہے اور روزانہ ہزاروں مستحق افراد کو مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں