مفت آٹا سکیم میں گھپلے ، چیف افسر میونسپل کارپوریشن گرفتار : بدانتظامی فائرنگ 3زخمی

مفت آٹا سکیم میں گھپلے ، چیف افسر میونسپل کارپوریشن گرفتار : بدانتظامی فائرنگ 3زخمی

لاہور،لیہ، سیالکوٹ،مالاکنڈ،پشاور(سیاسی رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں)مالاکنڈ میں مفت آٹے کے حصول کیلئے بھگڈڑ مچ گئی جس پر لیویز اہلکاروں نے فائرنگ کر دی جس سے تین افراد زخمی ہوگئے ، اور کزئی میں بھی مفت آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ مچ گئی۔

 تھانہ مشتی کے گھیرائو پر پولیس نے فائرنگ کردی،پشاور کے علاقے ہزارخوانی میں قائم مفت آٹا سیل پرشہریوں نے دھاوا بول دیا،شہری ٹرک کے اوپرچڑھ گئے ،جس کے ہاتھ جتنے تھیلے لگے لے گیا،کچھ شہری ٹرک کے اوپر چڑھ گئے اورتھیلے نیچے پھینکتے رہے ، پولیس اور انتظامیہ دیکھتی ہی رہ گئی۔پنجاب کے شہروں میں بھی آٹا سنٹرز پر لمبی قطاریں،کوٹ ادو میں نوسرباز وں کی جعلی ٹوکن کے ذریعے واردات،آٹا پوائنٹ سے 10 لاکھ کے 923 تھیلے لے اڑے ،پولیس نے 5 ملزم گرفتار کرلئے ۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج لیہ کے شعبہ اسلامیات کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ قاضی امین اور ان کی اہلیہ سینکڑوں جعلی کوپن تیار کرکے مفت آٹا حاصل کرنے میں ملوث نکلے ۔ پولیس نے آٹا تقسیم سنٹرز پر سو سے زائد جعلی کوپن بھی پکڑ ے ۔ واقعہ کا مقدمہ تحصیلدار محبوب احمد کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمے کے اندراج کے بعد سے ہی پروفیسر قاضی امین اور اہلیہ روپوش ہوگئے ہیں ۔ اس حوالے سے لیہ کے ڈائریکٹر کالجز مظفر حسین کاکہنا ہے کہ پروفیسر کیخلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔

علاوہ ازیں سیالکوٹ پولیس نے سبلائم چوک میں جعلی ٹوکن بنا کر مفت آٹا حاصل کرنے کے الزام میں 2افراد شان عرف شانی اور عثمان سکندر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔دریں اثنا صوبائی وزیر اطلاوعات و ثقافت عامر میر نے نارنگ منڈی میں قائم مفت آٹا پوائنٹ کا اچانک دورہ کیا اورشہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر ناقص انتظامات اوربد انتظامی پر سخت بر ہم ہوئے ۔اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر مرید کے ز ینب طاہرکو26لاکھ روپے مالیت کے 4 ہزار آٹا بیگز کے گھپلے پر گرفتار میونسپل کارپوریشن نارنگ منڈی کے چیف افسر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ناقص انتظامات پر نائب تحصیلدار نارنگ منڈی نور محمد کو معطل کرنے کے احکامات دیئے ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر مرید کے زینب طاہر کو آٹا بیگز سے گھپلوں کا سراغ لگانے پر شاباش دی ۔صوبائی وزیر نے مفت آٹا مراکز پر شہریوں کی سہولیت کے لیے انفارمیشن ڈیسک بنانے کی ہدایت کی تا کہ لمبی قطاروں کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مفت آٹا سکیم میں اب تک 84لاکھ لوگوں کو 10کلو آٹا فراہم کیا جا چکا ہے اور اب 29مارچ سے ہر شہری کو 20کلو مزید آٹا فراہم کیا جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں