ای سی سی : اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ائیر پورٹ کا انتظام غیر ملکی کمپنیوں کو دینے پر اتفاق

ای سی سی : اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ائیر پورٹ کا انتظام غیر ملکی کمپنیوں کو دینے پر اتفاق

اسلام آباد(خبر نگارخصوصی،اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اسلام آباد ایئرپورٹ، علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی غیرملکی کمپنیوں کو آئوٹ سورس اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کو ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے۔۔۔

 اس معاملے کی حتمی منظوری آئندہ اجلاس تک موخر کردی۔ ای سی سی نے کورونامیں استعمال ہونیوالے 100 ملی گرام ریمیڈی سیور انجکشن کی قیمت میں اضافہ کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 1892روپے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمیٹی نے 54نئی ادویات کی قیمت کے تعین اور119ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری پر غور آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔ ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو آئوٹ سورس کرنے کی تجویز پر مبنی سمری پیش کی۔ سی اے اے کے حکام نے بتایا متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، چین، کینیڈا اور ترکیہ کی کمپنیوں نے تینوں ایئرپورٹس کی مینجمنٹ سنبھالنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ اس ضمن میں دنیا کے بڑے اخبارات میں ایئرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ کیلئے اشتہارات دیئے جائیں گے اور کم سے کم لاگت میں بہترین خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کو ایئرپورٹس کی مینجمنٹ سونپی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ان ایئرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ سے حکومت کو سالانہ 30 کروڑ ڈالر کے قریب اضافی آمدن ہوگی۔ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے زیرانتظام یہ ایئرپورٹس 25 سالہ مدت کیلئے آئوٹ سورس کئے جائیں گے ۔ غیرملکی کمپنیوں کو ٹرمینل سروسز، پارکنگ، سٹوریج، کارگو ہینڈلنگ اور کلیننگ سیکشن کا انتظام غیرملکی کمپنیوں کو سونپا جائے گا۔ سی اے اے سکیورٹی اور ایئر ٹریفک کنٹرول کی ذمہ داریاں بدستور اپنے پاس رکھے گی۔ اس کے علاوہ ای سی سی نے ریکوڈک کیس میں حکومت بلوچستان کے وکیلوں کی فیسوں اور نیشنل بینک سے ریکوڈک کیلئے حاصل کئے گئے 65 ارب روپے کے قرض پر سود کی ادائیگی کیلئے 6 ارب 23 کروڑ روپے کی فراہمی کی منظوری دیدی۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں