بدترین خرابی اور تقسیم خطرے کی گھنٹی ، اللہ ہم سب کو ہدایت دے : شہباز شریف

بدترین خرابی اور تقسیم خطرے کی گھنٹی ، اللہ ہم سب کو ہدایت دے : شہباز شریف

اسلام آباد ، راولپنڈی (سیاسی رپورٹر، نیوز رپورٹر، اے پی پی،صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ملک کو بہت بڑا معاشی چیلنج درپیش ہے ، اس صورتحال میں10کروڑ لوگوں کو مفت آٹے کی فراہمی بہت بڑا قدم ہے۔

سیاسی قیادت، تمام اداروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملک کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگا، جو گھرانے بی آئی ایس پی میں رجسٹر نہیں انہیں بھی آٹے کے تین تھیلے مفت فراہم کئے جائیں گے ۔ اس وقت ملک میں بدترین خرابی ہے اورجو تقسیم کردی گئی یہ بہت خطرے کی گھنٹی ہے ، اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہدایت دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو راولپنڈی میں مفت آٹے کی فراہمی کے مراکز کے معائنے کے دوران اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، نگران وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر، معاون خصوصی احد چیمہ، ملک ابرار احمد، کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے آٹے کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں سے ان کے مسائل معلوم کئے اور مفت آٹے کی فراہمی میں حائل مشکلات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام جو راولپنڈی میں مقیم ہیں ، انہیں بھی مفت آٹے کی سہولت فراہم کی جائے ۔

وزیراعظم نے کہا جو گھرانے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریکارڈ پر نہیں لیکن خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، انہیں بھی مفت آٹے کی فراہمی شروع کی جائے ، اس سلسلے میں نادرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کام کر رہا ہے یہ نظام جلد کام شروع کر دے گا۔ وزیراعظم نے کہا جن لوگوں کو نام نہ ہونے کی بنیاد پر مفت آٹا فراہم نہیں کیا جا رہا اب ان کیلئے فوری طور پر کاؤنٹرز قائم کئے جائیں گے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی آج منگل سے مفت آٹا مراکز پر تین تھیلے ایک ساتھ دیئے جائیں گے تاکہ بار بار آنے کی زحمت نہ ہو، جو لوگ ایک تھیلا لے چکے ہیں انہیں اگلی بار آنے پر ایک ساتھ دو تھیلے ملیں گے ۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا یہ پہلا موقع ہے مفت آٹے کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا گیا ہے ، ماضی میں ہم نے ہر دکان پر سستا آٹا پہنچایا اور اب مفت آٹے کی فراہمی جو بہت مشکل کام تھا احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے زور دیا پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کی تعبیر کے مطابق تعمیر کرنے کیلئے تمام سیاسی قیادت اور اداروں کے علاوہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا آٹا تقسیم کے نظام میں بتدریج بہتری آرہی ہے اورمیں بلاخوف کہہ سکتا ہوں کہ الحمدُللہ ہرجگہ انتظامیہ اور پولیس سب مل کر کام کررہے ہیں۔ نظام میں ہردن اورہرگھنٹے بہتری آرہی ہے ۔ آئندہ چند دنوں کے دوران میں غیر علانیہ دورے بھی کروں گاتاکہ دیکھوں یہ نظام کس طرح کام کررہا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم سے بیرک ریکو ڈک مائننگ کمپنی کے وفد نے چیف ایگزیکٹو افسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں ملاقات کی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا پاکستان میں کان کنی،انفارمیشن ٹیکنالوجی،توانائی، مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ریکو ڈک منصوبے کے حوالے سے حالیہ معاہدہ دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ہو گا۔ریکو ڈک منصوبہ بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔وزیراعظم نے کہا منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔ شہباز شریف سے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں