عمران آئین شکن ، پہلے مردم شماری پھر الیکشن:سعد رفیق

عمران آئین شکن ، پہلے مردم شماری پھر الیکشن:سعد رفیق

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ،آئی این پی،صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں 10سے 15فیصد کمی کر رہے ہیں ، عید الفطر پر سپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

 پی آئی اے کی بہتری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں ، جلد پروازیں برطانیہ اور یورپ کیلئے جانا شروع ہوجائیں گی ،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان فاشسٹ اور آئین شکن ہیں ،نواز شریف کو کون انصاف دے گا ؟ ، ہم ملک میں سزائیں بھگتنے اور جوتے کھانے کیلئے پیدا نہیں ہوئے ، آئین کے مطابق پہلے مردم شماری، پھر الیکشن ہوگا ۔ پیر کے روز لاہور میں میڈیاسے گفتگو اور پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف کرپشن کا ایک کیس بھی ثابت نہیں کیا جاسکا ، عمران خان کے کہنے پر الیکشن نہیں ہوگا ،جمہوریت کو صرف اسٹیبلشمنٹ یا عدلیہ کے بعض لوگ کمزور نہیں کرتے بلکہ سیاستدان بھی کرتے ہیں ،سہولت کار عمران خان کو اقتدار میں لاکر پچھتا رہے ، ہمیں سیسلین مافیا کا لقب دینے والے ہم سے نہیں قوم سے معافی مانگیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ عدالت یا فوج کی ذمہ داری نہیں کہ الیکشن کیسے کروانا ہے بلکہ سیاستدانوں کا کام ہے ، ریفارمز پارلیمنٹ ہی کرسکتی ہے ۔ عدلیہ سمیت کسی کو بھی سزاؤں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ،غلطی کا اعتراف اور معاف کرنے سے ہی مسئلہ حل ہوگا۔ اگر سزا دی گئی ملک مزید بحران کا شکار ہوجائے گا ۔خواجہ سعد رفیق کاکہناتھاکہ کراچی لاہور اور اسلام آباد کے ائیر پورٹس کو آوٹ سورس کرنے جارہے ہیں ، ائیر پورٹس کو فروخت نہیں کیا جارہا، انہوں نے پائلٹ کی تنخواہوں پر بتیس فیصد کٹوتی پر کہاکہ آئی ایم ایف کی وجہ سے مجبور ہیں کچھ نہیں کر سکتے لہذا پائلٹ زائد وقت پر فلائٹ کینسل نہ کروائیں ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں