موبائل ایپس سے پراپرٹی وٹوکن ٹیکس وصولی بہتر ہوگی:بلال افضل

موبائل ایپس سے پراپرٹی وٹوکن ٹیکس وصولی بہتر ہوگی:بلال افضل

لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی نگران وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلال افضل نے کہا پاکستانی ٹیکس دیتے ہیں لیکن اس کی شرح بہت کم ہے جیسا کہ پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس کی شرح ادائیگی صرف 0.1 فیصد ہے۔

 تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب میں ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کیلئے تیار کردہ موبائل ایپلی کیشنز کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، یہ ایپس برطانوی تنظیم سب نیشنل گورننس (ایس این جی)پروگرام نے محکمہ ایکسائز کیلئے انوویشن چیلنجنگ فنڈ پروگرام کے تحت تیار کی ہیں۔سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار،ڈائریکٹر جنرل ایکسائز محمد علی اور دیگر افسران کے علاوہ مہمان تنظیم کی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جو موئر اورصوبائی ٹیم لیڈر عثمان چودھری بھی شریک تھے ۔ڈی جی ایکسائز محمد علی نے ایس این جی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے ،صوبائی وزیر بلال افضل نے اس معاونت پر برطانوی حکومت اور ایس این جی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ایپس سے ٹیکس کی وصولی بہتر ہوگی، انہوں نے کہا کہ ایپ کی مدد سے ناکوں پر صرف ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کو روکا جائے گا اس طرح ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہریوں کی عزت نفس بھی مجروح نہیں ہو گی۔ قبل ازیں جو موئر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ تعلیم، صحت، گورننس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں پنجاب کے ساتھ تعاون کر رہا ہے ، اس منصوبہ سے برطانیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہونگے ۔سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار نے کہا کہ ایپس سے حکومتی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ آئی پی ٹی ایپ ہائی ویز پر واقع پراپرٹیز کی نشاندہی میں معاون ہوگی، ڈی جی محمد علی نے کہا کہ اے این پی آر ایپ چلتی گاڑی کی نمبر پلیٹ پڑھ کر فوراً ٹوکن ٹیکس کی صورتحال بتائے گی اورنادہندہ گاڑی کو روک کر موقع پر ہی چالان کیا جائے گا، اس ٹیکنالوجی سے ٹیکس کی وصولی میں اضافہ ہوگا اور شفافیت بڑھے گی نیزایکسائز عملہ کو ڈیوٹی کی ادائیگی میں آسانی ہوگی، تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر نے سرٹیفکیٹ، شیلڈز اور ڈیوائسز تقسیم کیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں