کوارٹر الاٹمنٹ صنفی امتیاز:صدر کا سی ڈی اے پر اظہار برہمی

اسلام آباد (سیا سی رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ملازمہ کو رہائشی کوارٹر کی الاٹمنٹ میں صنفی امتیاز برتنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے۔۔۔
وفاقی محتسب کے احکامات کے خلاف سی ڈی اے کی درخواست مسترد کر دی۔ صدر نے کہا سی ڈی اے کا ایک جیسے کام پر مرد کو مکان دینا اور خاتون کو نہ دینے کا نقطہ نظر افسوسناک ، انتہائی امتیازی سلوک ہے ۔ سی ڈی اے صنفی امتیاز کو فروغ دینے والے اپنے قوانین بہتر بنائے اور وفاقی محتسب کے احکامات پر عمل کرے ، خاتون کی شکایت کا ازالہ کیا جائے ۔ ضرورت ہو تو وقت ضائع کیے بغیر مجاز اتھارٹی/فورم سے منظوری لی جائے ۔ شہناز بیگم (شکایت کنندہ) کا مرحوم شوہر سی ڈی اے سے منسلک دھوبی تھا، شوہر کی وفات کے بعد بیوہ نے سی ڈی اے میں دھوبن کی ملازمت اختیار کی اور کوارٹر الاٹمنٹ کیلئے درخواست دی تاہم سی ڈی اے نے کوارٹر جونیئر ملازم کو دیا تو خاتون نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا جس نے خاتون کو مکان کی الاٹمنٹ کے آرڈر جاری کرنے اور30 دن میں تعمیل کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی لیکن سی ڈی اے نے ان احکامات کے خلاف صدر کو درخواست دائر کی تھی۔