اثاثہ کیس،کورونا کا شکارعثمان بزدارکی ضمانت میں توسیع

اثاثہ کیس،کورونا کا شکارعثمان بزدارکی ضمانت میں توسیع

لاہور(شبیر حیدر ظفر)سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوروناکا شکار، اثاثہ کیس میں احتساب عدالت پیش نہ ہوئے ،ایک روز حاضری معافی منظور،عبوری ضمانت میں 10اپریل تک توسیع،سرکاری اراضی پر قبضہ اور گھربنانے کے مقدمے میں اینٹی کرپشن نے کل طلب کرلیا،جعلسازی کیس میں عمر سرفراز چیمہ بھی اینٹی کرپشن میں پیش نہ ہوئے ،دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کردیئے گئے ۔

 تفصیل کے مطابق احتساب عدالت نمبر چار کے جج شیخ  سجاد احمد نے عثمان بزدار کیخلاف ناجائز اثاثہ کیس کی سماعت کی ۔ بزدار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عثمان بزدار کو کورونا ہو گیا ہے وکلاء نے عثمان بزدار کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی۔ عدالت نے عثمان بزدار کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی ۔ عثمان بزدار نے نیب سوالنامہ کا جواب ابھی تک جمع نہیں کرایا ۔عدالت نے نیب تفتیشی آفیسر سے انکوائری رپورٹ طلب کر لی ۔عثمان بزدار نے گرفتاری کے خوف سے عبوری ضمانت کروا رکھی ہے ۔دوسری جانب سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس کی تعمیر کرنے پر اینٹی کرپشن پنجاب نے عثمان بزدار کو 30 مارچ کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فورٹ منرو میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کیا۔قبضہ شدہ سرکاری اراضی کے دو کنال رقبہ پر بزدار ہاؤس تعمیر کیا گیا۔محکمہ مال کے افسران کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا گیا ہے ۔عثمان بزدار نے جعلسازی سے سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا۔سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور انکی ہمشیرہ گزشتہ روز اینٹی کرپشن پیش نہ ہوئے ۔اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق گورنر اور انکی ہمشیرہ کو 25 مارچ کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے ۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے عمر سرفراز چیمہ کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے گزشتہ روز پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔رہنما تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ نے اپنی بہن فاطمہ سرفراز چیمہ کو جعلی فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ذریعے غیر قانونی طور پر وراثت میں حصہ دلوایا۔لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جج مسٹر جسٹس طارق ندیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اینٹی کرپشن پنجاب اور ایف آئی اے پاکستان کے خلاف ہراسمنٹ کی درخواست واپس لینے پر نمٹا دی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں