حبیب آباد :سٹیل ملز میں 1کروڑ 62 لاکھ کا ڈاکا

حبیب آباد :سٹیل ملز میں  1کروڑ 62 لاکھ کا ڈاکا

پتوکی،فیروزوالہ،ننکانہ صاحب، قصور، تلونڈی، خانقاہ ڈوگراں ( تحصیل رپورٹرز،خبر نگاران،نمائندہ دنیا،نامہ نگاران)پتوکی کے علاقے حبیب آباد چونیاں روڈ پر 12 ڈاکو سٹیل ملز میں سکیورٹی گارڈ سمیت8 ملازمین کو یرغمال بنا کر 1کروڑ 62 لاکھ روپے کا سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ ملتان روڈ پر ڈاکٹر اسد شفیق کو نشہ آور مشروب پلاکر لوٹ لیا گیا۔

فیروزوالہ میں ڈاکوؤں نے دن دہاڑے تاجر شیخ محمد اقبال کے گھر میں اس کی بیوی اور بچوں کو ایک کمرے میں بند کر کے 26 لاکھ نقدی سمیت 35 لاکھ روپے مالیت کا مال و زر لوٹ لیا۔ جی ٹی روڈ کے گاؤں نون میں 3 ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے شبانہ بی بی کو زخمی کر دیا ۔فیکٹری میں مالک اختر علی سے ساڑھے چھ لاکھ روپے لوٹ لئے گئے ۔فیروز وٹواں روڈ پر ٹرک ڈرائیور عابد علی سے 10ہزارنقدی ،موبائل فون ،سانگلہ ہل روڈ پر وقاص احمد سے 5ہزار نقدی اور موبائل فون چھین لیا گیا۔ننکانہ کے چک 20 گ ب میں محمد آصف کے ٹیوب ویل سے 5لاکھ50ہزار روپے مالیت کا ٹرانسفارمر،ننکانہ جمنیزیم ہال میں مفت آٹا لینے کے لئے آنیوالے محمد طیب کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی۔نظام پورہ قصور کے نزدیک شہریوں نے ڈاکو افضل کو پکڑ کر پولیس تھانہ صدر کے حوالے کر دیا ۔ نہر والا پل لنڈا پھاٹک پتوکی کے قریب ہارون سے 22لاکھ ساٹھ ہزارنقدی،الہ آباد کے علاقہ ارزانی پور میں محمد سعید سے 2 لاکھ 15 ہزار نقدی، موبائل فون ،جوڑے کھوہ کے قریب عمران کے گھر سے 3 لاکھ نقدی،رائفل ،موبائل فون، عبداﷲ مارکیٹ الہ آباد میں احمد کی دکان سے ایک لاکھ نقدی، 2موبائل فون ،چھانگا مانگا میں راشد سے نقدی ، جمبر میں عمران سے موٹر سائیکل ،تلونڈی میں شہزادکی دکان سے 35ہزارنقدی موبائل فون، اسلم کی دکان سے 30ہزار نقدی ،موبائل فون، خانقاہ ڈوگراں میں شکیل سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں