محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس:شرپسندوں کیخلاف مقدمات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی منظوری
لاہور (سپیشل رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور9مئی کے دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آرمی تنصیبات اوراملاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں شرپسندوں کے خلاف مقدمات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ نے 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلدازجلد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات کے اصل ذمہ داروں کی شناخت کے لئے تمام سکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیا گیا۔ محسن نقوی نے ملزموں،سہولت کاروں اورماسٹر مائنڈزتک پہنچنے کیلئے موثر میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تصاویر اور ویڈیوز میں چہروں کی شناخت کیلئے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جارہی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ گرفتار افراد پر الزامات کی تصدیق کیلئے فول پروف طریقہ کار اپنایا جائے اور پولیس حکام کسی بھی بے گناہ کی گرفتاری نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے پروفیشنل طریقے سے کام کریں۔تمام شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے ۔پروفیشنل اورقانونی لحاظ سے موثر تفتیش مکمل ہونے کے بعد پراسیکیوشن اپنا کام بہتر طریقے سے کرے تاکہ کوئی بھی ذمہ دار بچ نہ پائے ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 32مقامات کی جیو فینسنگ کر کے ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے ۔دوسری طرف محسن نقوی نے گزشتہ روز کلمہ چوک انڈرپاس ری ماڈلنگ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ محسن نقوی نے کلمہ چوک انڈرپاس ری ماڈلنگ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کو تکمیل کی طے شدہ تاریخ سے 20 روز قبل مکمل کیا گیا ہے ۔ کلمہ چوک انڈرپاس کو 358 میٹر توسیع کرکے از سرنو تعمیر کیا گیا ہے ۔برکت مارکیٹ سے علی زیب روڈ اور برکت مارکیٹ تک انڈرپاس بھی تعمیر کئے گئے ہیں اور تقریباً 5 کلومیٹر سڑکوں کے نیٹ ورک کو بحال کیا گیا ہے ۔محسن نقوی نے کہا کہ روزانہ تقریباً 3 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی آسان آمد و رفت سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت مل رہی ہے ۔کلمہ چوک، گلبرگ، لبرٹی اور دیگر علاقوں میں ٹریفک جام کا مسئلہ مستقل حل ہو گیا ہے ۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل پر سی بی ڈی حکام کی کارکردگی کو سراہا۔