9مئی :ذمہ داروں کو قوم معاف کریگی نہ بھولے گی:آرمی چیف

9مئی :ذمہ  داروں  کو  قوم  معاف  کریگی  نہ  بھولے  گی:آرمی چیف

راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،خبر نگار،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)یوم تکریم شہدا پر قوم نے وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کیا،ملک بھر میں تقاریب اور ریلیاں منعقد کی گئیں، یورپ، امریکا، مشرق وسطیٰ اور آسٹریلیا سمیت دنیا کے کونے کونے میں موجود پاکستانیوں نے تقریبات منعقد کر کے پاک فوج اور پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ورثا کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

یوم تکریم شہدا کے موقع پر مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں ہوئی، مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی،تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل (ر)ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے ،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الر حمن ، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے ،تقریب میں موجود شہدا کے اہلخانہ اور سکول کے بچوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے ، سکول کے بچوں جن میں شہدا کے بچے بھی شامل تھے ،ان سے غیر رسمی ملاقات میں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا پاک فوج شہدا کے تمام بچوں کی وارث ہے ،شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے ،آرمی چیف نے بچوں کے سروں پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، آرمی چیف نے 12 اپریل 2022 میں انگور اڈہ، وزیرستان میں وطنِ عزیز کی خاطر اپنا خون خاکِ ارضِ پاک میں شامل کرنے والے سپاہی عمران شہید کی بیٹی عذرا سے بھی ملاقات کی۔

کچھ دن قبل سپاہی عمران شہید کی بیٹی کے ویڈیو بیان نے پوری قوم کو اشکبار کر دیاتھا،سپاہی عمران شہید کا تعلق ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان سے ہے ، شہید نے ورثا میں بیوہ اور پانچ بچے چھوڑے ہیں ،شہید کی بیٹی نے اپنے پیغام میں 9 مئی یومِ سیاہ کے افسوس ناک واقعات کی مذمت کی تھی ،عسکری ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے شہید کی بیٹی کو جی ایچ کیو کی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا ،آرمی چیف نے انتہائی شفقت اور پیار سے قوم کی بیٹی کو یقین دلایا کہ شہدا کی قربانیوں کو ہر گز فراموش نہیں ہونے دیں گے ،آرمی چیف نے کہا ہر مشکل میں پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی، ہماری نوجوان نسل خاص کر بچے ملک کے مستقبل کا معمار ہیں، پاک فوج آنے والی نسلوں کے لئے ملک میں امن و سلامتی کے قیام کی خاطر ہمیشہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی، آرمی چیف نے معصوم بیٹی سے مزید کہا کہ پوری قوم کو آپ کے بابا سپاہی عمران شہید پر ناز ہے اور ملک و قوم کے تمام تر شہدا ہمارے لئے باعثِ فخر ہیں۔دریں اثنا آرمی چیف نے پولیس لائن اسلام آباد کا بھی دورہ کیااور اسلام آباد پولیس کے آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ پولیس کے شہدا کے لواحقین سے خطاب کیا، آرمی چیف نے کہا جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی، نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، وہ شہدا جنہیں اللہ رب العزت نے حیات جاوداں عطا فرما دی، ان کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا،پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ، شہدا کے و رثا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کے آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی،پولیس لائن آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کیا۔چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر کی طرف سے شہدائے اسلام آباد پولیس کو اڑھائی کروڑ روپے کا تحفہ دینے کا اعلان کیا گیا،ترجمان پولیس کے مطابق اعزازیہ تمام شہدا کے ورثا میں تقسیم کیا جائے گا،اسلام آباد پولیس کی طرف سے شہدا کے ورثا کو خطوط ارسال کردئیے گئے۔

ا نہوں نے مزید بتایا کہ ہم شہدا کی قربانیوں کا حق نہیں ادا کرسکتے ،یہ حقیر نذرانہ 25 مئی یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مناسبت سے شہدا کے ورثا کو پیش کیا جائے گا اسلام آباد پولیس اپنے شہدا کی طرف سے چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر کی شکر گزار ہے ۔ادھر پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، پی اے ایف ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد،فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کے شہدا کی یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی گئیں،بحریہ کے سربراہ امجد خان نیازی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی،فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر نے پی اے ایف ہیڈ کوارٹرز میں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، جے ایس ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں بھی ایک تقریب ہوئی جہاں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔میجر عزیز بھٹی شہید ،حوالدار لالک جان شہید، کیپٹن سلیمان شہید کی قبر پر بھی حاضری دی گئی، دیگر شہدا کی قبروں پر بھی فوجی دستوں نے سلامی دی، پشاور قلعہ بالا حصر،جنوبی وزیرستان میں بھی تقریب ہوئی، کراچی میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں شہدا کے خاندان ، فوج، ایف سی،رینجرز کے اہلکاروں نے شرکت کی ۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم تکریم شہدا کے موقع پر کیپٹن راجہ محمد سرور شہید(نشان حیدر)کے مزار پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ،سپیکر نے محمد حسین شہید(نشان حیدر)کو خراج عقیدت پیش کیا ،لاہور، اسلام آباد ، آزاد کشمیر ، کراچی ، کوئٹہ پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں پاک فوج اور پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقاریب منعقد کی گئیں اور ریلیاں نکالی گئیں، اور نو مئی کے واقعات کی مذمت کی گئی ، ملک بھر کی طرح بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی 9 مئی کے واقعات پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ، رپورٹس کے مطابق تاجکستان(دوشنبے )، آسٹریا (ویانا)، آذربائیجان، جنوبی افریقہ(پریٹوریا)، امریکا(نیویارک )،جرمنی(فرینکفرٹ، برلن)، ترکیہ، روس، ناروے (اوسلو)، بیلجئیم(برسلز)، نیدرلینڈز اور برطانیہ(لندن) میں تکریم شہدا پاکستان کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں،شرکا نے مطالبہ کیا کہ پاک فوج کو نقصان پہنچانے یا سازش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ برطانیہ کار ریلی کے شرکاء کی جانب سے پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کئے گئے ،جرمنی میں سانحہ 9 مئی کی شدید مذمت کی گئی ، نیدرلینڈ میں میں مقیم پاکستانیوں کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کا پر جوش جذبہ، شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے ،روس میں بھی پاک فوج سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا ۔

اسلام آباد،پشاور(سیاسی رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا شہدا اور غازیوں کی بے حرمتی کرنیوالے قومی مجرم ہیں، قیامت تک ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے دینگے ، شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کیا، وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم سب ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت کو دیکھ کر دکھی ہیں، 9 اور 10 مئی کے دوران جو دلخراش واقعات رونما ہوئے اس نے پاکستان میں بسنے والے 23 کروڑ عوام کو شدید دلی صدمہ پہنچایا ، جس سنٹر سے پاکستان بننے کی نوید سنائی گئی اس سے راکھ کاڈھیر بنادینا ،اس سے بڑھ کر ملک دشمنی نہیں ہوسکتی،ا س کے ساتھ چاغی کی یادگار کو تباہ کر دیا گیا ، یہ ملک دشمنی ہے ،ریڈیو پاکستان پشاورسے پاکستان کی نوید سنانے والے ظہور اظہر ، مصطفیٰ ہمدانی جیسے لوگ تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ،دنیا اپنی شناخت اورتاریخی ورثے کو جان سے بھی زیادہ عزیز رکھتی ہے تاکہ آنے والی نسلیں اس سے فیض یاب ہوں اور یہاں پر اس ورثے کو جلا دیاگیا ، کاش وہ ڈیجیٹائز ہوچکی ہوتی لیکن وقت نے ساتھ نہیں دیا، صوۃ القرآن کا حصہ بچ گیا جس پر اللہ کے شکر گزار ہیں،100 سالہ ریکارڈ کا تباہ ہونا افسوسناک ہے ،اس ادارے کے ملازمین کے حوصلے کو داد دیتے ہیں، عبداللہ اور نصیر نے جس طرح بلوائیوں کو روکتے ہوئے زخم کھائے ان کی جرات اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں،وزیراعظم نے اس موقع پر فی الفور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگیوں کے احکامات جاری کئے ،وزیراعظم نے کہا ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اس قسم کے واقعات قیامت تک دوبارہ نہیں ہونے دیں گے ، دشمن بھی اتنی جسارت نہیں کر سکتا، اس شرپسندی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق ضرور سزا ملے گی، وزیراعظم نے وزیراطلاعات سے کہا کہ وہ ریڈیو کی عمارت کی مرمت کا کام فوری شروع کروائیں ۔دریں اثنا شہباز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں سیاسی قائدین کا اجلاس ہوا،وزیراعظم نے کہا عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے حملے کئے ، اکسانے اور حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے ، 75 سال میں کسی کو ایسے واقعات کی جرات نہ ہوئی، سیاسی جماعتوں کے ورکرز احتجاج کرتے ہیں لیکن کبھی ایسا نہیں ہوا، کبھی کسی سیاسی جماعت کے ورکرز نے فوجی تنصیبات کی طرف رُخ نہیں کیا تھا، سویلین تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے کیسز انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں چلیں گے ،فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے والوں کو قانون کے مطابق گرفت میں لیا جائے گا،عمران نیازی نے جن ممالک پر پہلے الزام لگایا اب انہی سے مدد مانگ رہے ہیں، یہ عمران نیازی کا مکروہ چہرہ ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم پشاور کے دورہ کے دوران مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام کی رہائشگاہ گئے ، وزیراعظم سے پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے خیبر پختونخوا کے عہدیداران اور سیا سی کارکنان نے ملاقات کی ، شہباز شریف سے جی ڈی اے کے رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر نے بھی ملاقات کی ۔وزیراعظم شہبازشریف سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو بھی ملے ،وزیراعظم نے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے پر وزیرخارجہ کی تعریف کی،

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں