ملیکہ بخاری،مسرت چیمہ ،انکے شوہر سمیت مزید16 رہنما پی ٹی آئی چھوڑ گئے

ملیکہ  بخاری،مسرت  چیمہ ،انکے  شوہر  سمیت  مزید16 رہنما  پی  ٹی  آئی  چھوڑ  گئے

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ، سٹاف رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ؤں ملیکہ بخاری ، مسرت چیمہ ، انکے شوہر سمیت مزید 16 رہنما پی ٹی آئی چھوڑ گئے ۔

نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں ، پارٹی چھوڑنے کیلئے ہر کسی کی اپنی وجوہات ہوسکتی ہیں، لیکن پی ٹی آئی کو چھوڑنے کیلئے مجھ پر کوئی زور زبردستی یا دباؤ نہیں ہے ،جیل کی مشکلات کا سامنا کرنا بڑا مشکل ہے ، چاہتی ہوں کہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات ہوں گی تو چیزیں سامنے آئیں گی، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے ، جیل کی مشکلات کا سامنا مشکل ہے ، مئی کی گرمی میں اڈیالہ جیل میں ایک دن گزاریں تو مشکلات کا اندازہ ہو، اگر سرخ لکیر کو کراس کیا جاتا ہے تو قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے ۔ ۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی اورسیاست چھوڑ نے کااعلان کردیا ۔ان کا کہنا تھا احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ غلط تھایہ ناکامی تھی ،فوج ہم سب کی آزادی وقار اور سکون کی محافظ ہے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 9 مئی بدقسمت دن ہے کاش اسے زندگی اور تاریخ سے نکال سکتی ، جلائو گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چا ہئے ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ میرے لئے میاں اور بچوں کی زندگی زیادہ اہم ہے ، ہم سیاست چھوڑ رہے ہیں ۔ اب پارٹی سے بھی تعلق نہیں ہے میرے بڑے بیٹے کی عمر 11 سال ہے وہ کینسر کا مریض ہے اسے وقت دیں گے 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔بلوچستان سے پی ٹی آئی کے سینیٹر عبدالقادر نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا ۔عبدالقادر 2021 میں بلوچستان سے آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے ۔

تاہم بعد میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔پی پی 240 سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے ممتاز مہاروی نے پارٹی چھوڑ دی، سابق ایم پی اے آصف موہل نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔دونوں رہنمائوں نے کہا ہے کہ 9مئی واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ سوات سے تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔سندھ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حیدر علی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ،آصف علی زرداری،بلاول بھٹو زرداری اور پی پی کے تمام کارکنوں کی جانب سے پی پی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق مشیر اور تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی جاوید اخترانصاری نے پی ٹی آئی کاٹکٹ واپس کرنے اورپارٹی چھوڑدینے کااعلان کیاہے ۔ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پردو مرتبہ صوبائی اسمبلی کارکن رہاہوں،مجھے 9مئی کے واقعات پرشدیددکھ ہوا ہے اوراس کی شدید مذمت کرتا ہوں ۔

تحریک انصاف کے رہنما قطب فرید کوریجہ نے پارٹی چھوڑ کر پیپلزپارٹی جوائن کرلی جبکہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر چودھری جہانزیب رشید نے سیاست سے بریک لینے کا اعلان کردیا۔ سابق ایم پی اے ڈاکٹر محمد افضل اور سابق ایم پی اے احسان الحق چود ھری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم تحریک انصاف اور پرویز الٰہی گروپ سے علیحد گی اختیار کرتے ہیں، آج سے ہمارا تحریک انصاف ،چیئر مین عمران خان اور پرویز الٰہی گروپ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں ملک عابد تھہیم، ملک رضوان تھہیم نے یوسف رضا گیلانی سے کی گئی ملاقات میں پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔،پی پی 223 سے ٹکٹ ہولڈر ملک اکرم کہنوں نے پار ٹی چھوڑ کر ٹکٹ واپس کرنے کا اعلان کردیا ،ملتان پریس کلب میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکرم کہنوں کا کہناتھا کہ 9 مئی کوفوج اور سول تنصیبات کی توڑ پھوڑ جیسے افسوسناک واقعات کی مذمت کرتا ہوں اور پیغام دیتا ہوں ہم ریاست پاکستان اور فوج کے ساتھ ہیں پاکستان اور فوج ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں ۔ ایم پی اے اور صدر پی ٹی آئی یوتھ ونگ سندھ عباس جعفری نے تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت چھوڑ دی۔ ویڈیو پیغام میں عباس جعفری نے کہا 9مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتاہوں، پاکستان کی بنیاد پاک فوج ہے ،بنیادوں کو نہیں چھیڑا جا تا، پارٹی رکنیت سے استعفی دیتا ہوں۔ 

اسلام آباد،راولپنڈی(اپنے نامہ نگارسے ،اپنے رپورٹرسے )انسداددہشتگردی عدالت کے جج راجہ جوادعباس حسن کی عدالت نے   دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمات میں اسدعمر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی جبکہ حسان نیازی، فرخ حبیب، اسدقیصر، شبلی فراز، زلفی بخاری، اعظم سواتی، عاطف خان، مرادسعید ،علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز کی درخواست ضمانت خارج کردیں جبکہ اعجاز چودھری کو رہائی کے بعد پھر گرفتار کر لیا گیا ۔گز شتہ روز اسدعمر، عامرمحمود کیانی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت دائر مقدمات کی سماعت کے دوران عامر محمود کیانی عدالت پیش ہوئے ، اسی دوران اسدعمراپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت پیش ہوگئے ، عدالت نے اسدعمر کی حاضری لگائی، بابر اعوان ایڈووکیٹ نے اسدعمر کی ضمانت میں توسیع کی استدعا کی، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے اسدعمر کی عبوری ضمانت میں29 مئی تک توسیع کرتے ہوئے حتمی دلائل طلب کرلیے ، دوران سماعت وکلا بیرسٹر گوہر علی خان،سردار مصروف اور سہیل خان نے رہنماؤں حسان نیازی، فرخ حبیب، اسد قیصر ،زلفی بخاری، اعظم سواتی، عاطف خان،مراد سعید،علی نواز اعوان،راجہ خرم نواز اور شبلی فراز کی بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کیں، عدالت نے ملزموں کی استثنیٰ درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا، بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی استثنیٰ درخواستیں مسترد کرتے ہوئے حسان نیازی، فرخ حبیب، اسدقیصر،شبلی فراز،زلفی بخاری، اعظم سواتی، عاطف خان،مراد سعید، علی نواز اعوان اور راجہ خرم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے دفعہ144 کی خلاف ورزی، احتجاج اور توڑپھوڑ کے دو مختلف کیسز میں اسدعمر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ سماعت10جون تک کیلئے ملتوی کردی، ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں تھانہ ترنول کے مقدمہ میں درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران اسدعمر کی جانب سے بابراعوان ایڈووکیٹ اور آمنہ علی عدالت پیش ہوئے ، بابر اعوان ایڈووکیٹ نے عدالت کے جج سے کہاکہ گزشتہ دنوں چند دوستوں سے ملاقات ہوئی تو آپ کا ذکر ہوا،دوستوں نے اچھے الفاظ میں آپ کو یاد کیا،جس پر جج طاہرعباس سِپرا نے ریمارکس دیئے کہ موجودہ صورتحال میں عدالت کا احترام کرنا بڑی بات ہے ،عدالت نے 10ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت29 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔

لاہور پولیس نے تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد فوری گرفتار کرکے سول جج راولپنڈی عمران اکرم کی عدالت میں پیش کردیا،جہاں تھانہ گلبرگ کے مقدمہ میں ملزم کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی ، تاہم عدالت نے 1 یوم کا راہداری ریمانڈ منظور کرکے اعجاز چودھری کو لاہور پولیس کے حوالے کردیا۔لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہاؤس حملے اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں گرفتارتحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں چودہ روز کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ جناح ہاؤس پر حملے کرنے والے مزید 120 ملزموں کی شناخت کر لی گئی۔پولیس کے مطابق ملزموں کے شناختی کارڈز، تمام ریکارڈ تفتیشی افسران کو دے دیے گئے ۔ ملزم 8 مئی کو زمان پارک اور 9مئی کو جناح ہاؤس میں موجود پائے گئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیوز، جیوفینسنگ سے ملزموں کی زمان پارک، جناح ہاؤس موجودگی پائی گئی، چیکنگ میں 154شارٹ لسٹ ہونے والوں میں34صحافی،پولیس ملازمین تھے ۔حکام نے کہا کہ ملزموں کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو جلاؤگھیراؤ کے مقدمے میں شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا۔عدالت نے ہدایت کی کہ شناخت پریڈ کے بعد عالیہ حمزہ کو دوبارہ 29 مئی کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔جی ایچ کیو،آئی ایس آئی آفس اور پی ایف بیس پر حملے کے کرداروں کی نشاندہی بھی کر لی گئی۔تمام رہنماؤں کی نشاندہی جیو فینسنگ رپورٹ میں ہوئی ۔ رپورٹ کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی پرحملے کے دوران 88 شرپسندوں سے 6 پی ٹی آئی رہنماؤں کے رابطے ،واثق قیوم کی8،اجمل صابرراجہ کی7کالز ٹریس ہوئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں