شہدا کی تو ہین کرنیوالے بدترین سز ا کے مستحق،گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے :محسن نقوی

شہدا  کی  تو ہین  کرنیوالے   بدترین  سز  ا کے  مستحق،گرفتاری  تک  چین  سے  نہیں  بیٹھیں  گے :محسن  نقوی

لاہور (سپیشل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم تکریم شہدا کے موقع پر گزشتہ روز سینٹرل پولیس آفس لاہور، پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ،یادگار شہداء کینٹ، یاد گار گنج شہد ا ء مصطفی آباد،قصور، پنجاب رینجرز ہیڈ کوارٹرزاور ایس ایس پی شہید اشرف مارتھ پولیس لائنز گوجرانوالہ کے دورے کیے اور شہداء کی یادگاروں پر حاضری دی۔

پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی- سینٹرل پولیس آفس میں محسن نقوی کے ہمراہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے پولیس شہدا کی یادگار پر پھول رکھے -پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔محسن نقوی نے پولیس شہداکے خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے خاندانوں سے ان کے مسائل بھی پوچھے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں ، زبردست الفاظ میں خراج عقید ت پیش کیا- محسن نقوی نے یوم تکریم شہداء پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء وطن کے ساتھ اپنی بے مثال محبت کا اظہار کررہی ہے ۔ان کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔شہداء کا مشن وطن کا تحفظ اورامن ہے جو انشاء اللہ جاری و ساری رہے گا۔9 مئی کے پرتشدد واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ یہ واقعات پاکستان کی تاریخ پرسیاہ داغ ہیں۔پولیس اورقانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی-9 مئی کے ذمہ دار آخری شر پسند کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے -جب تک تمام ذمہ داروں کو پکڑ نہ لیں کوئی اور کام نہیں کریں گے -محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایک ایک شرپسند کو ٹریس کررہے ہیں ،جنہوں نے شہداء کی توہین کی وہ بدترین سزا کے مستحق ہیں -جو قومیں اپنے شہداء کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں وہ ہی آگے بڑھتی ہیں - شہداء کی قدر نہ کرنے والی قومیں اقوام عالم میں سربلند نہیں ہو سکتیں ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنا خون بھی بہانا پڑا توبہائیں گے -اپنے شہداء کو نہ کبھی بھولے ہیں نہ کبھی بھولیں گے -نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں تقریب میں موجود پولیس شہداء کی فیملیز سے ملاقات کی اور بچو ں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔محسن نقوی نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں یوم تکریم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارا افتخار ہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے - شہداء نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کیا-شہداء اور ان کی فیملی سے عزت و تکریم کا مضبوط رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا- خاندانوں کی دیکھ بھال اوراحترام ہماری ذمہ داری ہے۔

جسے ہر حال میں نبھائیں گے ، مہذب قومیں اپنے شہداء کو عزت و تکریم سے یاد رکھتی ہیں -پہلے ہم صرف 6ستمبر مناتے تھے ، شہدا ء کی توہین کرنے والے شر پسند عناصر کو قوم کا بھر پور جواب ہے -آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا ء اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کیلئے گزشتہ 3ماہ میں وہ انقلابی اقدامات کئے ہیں جو اپنی مثال آپ ہیں -انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسندوں کی جانب سے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کر کے دشمن کو خوش کیا گیا -شہدا ء کی یادگاروں کو نقصان پہنچا کر وطن دشمنی کا ثبوت دیا گیا-شہداء کے خاندانوں سمیت پوری قوم نے ان واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا-پاکستانی قوم اپنے شہداء کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی۔ محسن نقوی نے یوم تکریم شہداء کے موقع پر کینٹ میں یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے ۔ محسن نقوی نے عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیااور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ یاد گار یں ہیں جنہوں نے پاکستان کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ کوپھوڑ دیا۔ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مہذب قومیں اپنے شہداء کوعزت وتکریم سے یاد رکھتی ہیں۔محسن نقوی نے یوم تکریم شہداء کے موقع پر قصورکے علاقے مصطفی آباد میں بابا مولے شاہ قبرستان میں یادگار گنج شہداء میں 1965ء کی جنگ میں کھیم کیرن کے فاتح شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ محسن نقوی نے 1965 کی جنگ میں شہید ہونے والے وطن کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم تکریم شہدا ء پر پورا پاکستان اپنے شہداء سے والہانہ محبت کا اظہار کررہا ہے ۔قو م شہیدوں اورغازیوں کی قربانیاں فراموش نہیں کر سکتی۔ ہمارے شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور رہیں گے ۔ کمشنر لاہور ڈویژن، آ ر پی او شیخوپورہ، ڈپٹی کمشنر و ڈی پی او قصور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔محسن نقوی نے پنجاب رینجرز ہیڈکوارٹرکا دورہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے رینجرز ہیڈکوارٹر میں یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ پنجاب رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ پنجاب رینجرز کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ محسن نقوی نے شہید ایس ایس پی اشرف مارتھ پولیس لائنز گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول رکھے ۔ محسن نقوی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے ۔ شہداء اور ان کے خاندانوں سے عزت و تکریم کا رشتہ تا ابد قائم رہے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں