عائشہ گلا لئی ، احسن بریارسمیت 11 رہنما ق لیگ میں شامل

عائشہ گلا لئی ، احسن بریارسمیت 11 رہنما ق لیگ میں شامل

لاہور (سپیشل رپورٹر،اے پی پی)پی ٹی آ ئی کی سابق ایم این اے عائشہ گلا لئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے 11 رہنما ق لیگ میں شامل ہو گئے۔

 ان رہنماؤں میں پیپلز پارٹی پیٹریاٹ کے سابق مرکزی نائب صدر و سابق امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 54 راولپنڈی ممتاز، قبائلی رہنما ملک عزت مہمند ، قومی وطن پارٹی صوبہ پنجاب کے نائب صدر ولی محمد خان ، نواز  شریف کے دیرینہ ساتھی حاجی سلیمان خان،ن لیگ راولپنڈی کے سابق ٹکٹ ہولڈر خالد محمود ، سلیم بریار، پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے احسن سلیم بریار،عنصر بریار ، پی ٹی آئی گجرات کے رہنما شاہنواز اجلالہ گجرات سے سابق ایم پی اے عبداللہ یوسف بھی شامل ہیں، یو کے سے ڈاکٹر محمد عرفان نے بھی ق لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔مذکورہ رہنماؤں نے مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں پارٹی سربراہ چودھری شجاعت ، چیف آرگنائزر چودھری سرور اور چودھری شافع کی موجودگی میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر شجاعت نے کہا کہ پارٹی کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ، جمہوریت کی صورت میں لوگوں کو اچھا موقع مل رہا ہے ، ہزاروں لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہو چکے ،اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کے مسائل کو حل کریں گے ۔ شجاعت نے مزید کہا کہ 9 مئی کی دہشت گردی کبھی بھلائی نہیں جا سکتی،جس شخص میں تکبر آ جائے وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا،ہم ہر پارٹی کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہیں ، معیشت کا مسئلہ بہت اہم ہے ۔ چودھری سرور نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ق بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آ ئیگی، ہماری خواہش اقتدار نہیں حقیقی جمہوریت ہے ، سیاست کو دلبرداشتہ ہو کر چھوڑنے والے لوگ واپس سیاست کو جوائن کر رہے ہیں، ہم ملکی معاملات کو ٹھیک کرنے آئے ہیں۔ عائشہ گلالئی نے 9مئی واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ ق لیگ میں اس لئے آئی کیونکہ یہ قائداعظمؒ کی جماعت ہے ۔ سلیم بریار نے کہا کہ پاک آرمی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں