عمران سمیت80رہنماؤں کے بیرون ملک جانے پر پابندی ،16 ملزم فوج کے حوالے کرنے کا حکم

عمران  سمیت80رہنماؤں  کے  بیرون  ملک  جانے  پر  پابندی ،16 ملزم  فوج  کے  حوالے  کرنے  کا  حکم

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ، دنیانیوز)وفاقی حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انکی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت 80 سے زائد پی ٹی آئی ارکان پر بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی ۔

وزارت داخلہ نے ان افراد کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں سمیت 80 سے 90 افراد کے نام نو فلائی لسٹ اور ای سی ایل میں شامل کردیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے ۔سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، اسد عمر، اسد قیصر، مراد سعید، ملیکہ بخاری، فواد چودھری ، حماد اظہر، یاسمین راشد، اسلم اقبال کے نام بھی نو فلائی لسٹ میں شامل ہیں۔ تمام ارکان کے نام ملک کے تمام فلائی اڈوں (ایئر پورٹس) اور ایگزٹ پوائنٹس پر فراہم کردیئے گئے ، وزارت داخلہ نے متعلقہ حکام کو ان افراد کو بیرون ملک نہ جانے دینے کی ہدایت جاری کی ہے ، کہا گیا ہے کہ ان افراد کو کسی صورت بیرون ملک نہ جانے دیا جائے ۔

لاہور ( کورٹ رپورٹر ، اے پی پی)انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملے میں ملوث شرپسندوں کیخلاف فوجی عدالت میں ٹرائل چلانے کیلئے سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزموں کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جج عبہر گل نے کمانڈنگ افسر کی درخواست منظور کرلی جس میں 16 ملزموں کی تحویل دینے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزموں کی تحویل دینے کا حکم دیا ہے ۔ کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزم آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 3,7 اور9 کے تحت قصور وار پائے گے ۔ملزموں کے خلاف آرمی ایکٹ 1952 کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے ۔

پراسیکیوشن نے کمانڈر کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل کو سولہ ملزموں کو مزید کارروائی کے لیے کمانڈر افسر کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔ 16 ملزموں کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور 10 مئی سے ملزم جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں موجود ہیں ۔ 16 ملزموں میں عمار ذوہیب، علی افتخار، علی رضا، محمد ارسلان، محمد عمیر، محمد رحیم، ضیا الرحمٰن، وقاص علی، ریئس احمد، فیصل ارشد، محمد بلال، فہیم حیدر، ارضم جنید، میاں محمد اکرم عثمان، محمد حاشر خان اور حسن شاکر شامل ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں