عمران خان کا کردار غیر جمہوری ، بات چیت کیسے ہوگی :بلاول

عمران خان کا کردار غیر جمہوری ، بات چیت کیسے ہوگی :بلاول

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں سیاسی جماعت بننے کی صلاحیت موجود ہے۔

جب تک عمران خان جیسے شخص کا کردار غیر جمہوری ہو گا تو بات چیت کیسے ہوگی،میڈیا میں ملٹری کورٹس کے حوالے سے غلط فہمی ہے ،حکومت آئینی ترمیم کے ذریعے کوئی نئی ملٹری کورٹس قائم نہیں کررہی،انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے چیمبر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم قانون میں کوئی ترمیم لیکر نہیں آرہے ، آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ قانون میں پہلے سے موجود ہے ، جس قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے اسی قانون کے مطابق ہی کارروائی ہوگی،انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کی مخالفت کرتا ہو ں لیکن سیاسی جماعتوں کو بھی سیاسی جماعت بن کر رہنا ہوگا، اگر کوئی سیاسی جماعت دہشتگرد تنظیم بننا چاہتی ہے تو پھر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ، قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کو بھارت میں ایس سی او کے اجلاس میں شرکت اور مقبوضہ کشمیر میں جی-20 کانفرنس پربریفنگ دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈے کا جواب دینے کا موقع ملا، بھارتی بیانیہ کا منہ توڑ جواب دیا، بھارت میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کیلئے جانے سے پہلے فیصلہ کیا گیا تھا کہ اپنے بھارتی ہم منصب سے دو طرفہ ملاقات نہیں کریں گے ،قبل ازیں بلاول نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، ملاقات میں جیو سٹرٹیجک ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں