عمران کی رپورٹ میں شراب کو کین کا استعمال سامنے آیا:وزیر صحت:الزام شر مناک،عدالت جائینگے:تحریک انصاف

عمران  کی  رپورٹ  میں  شراب  کو کین  کا  استعمال  سامنے  آیا:وزیر صحت:الزام  شر مناک،عدالت  جائینگے:تحریک  انصاف

کراچی (نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں شراب اور کوکین کے اجزا پائے گئے جبکہ ٹانگ میں کسی قسم کا فریکچر نہیں تھا، رپورٹ میں عمران خان کی ذہنی صحت پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔

 جمعہ کو  یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان جب گرفتار ہوئے تو ان کا پمز ہسپتال میں میڈیکل کرایا گیا جس کیلئے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل پانچ رکنی بورڈ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالت کی جانب سے ملنے والی امیونٹی کی وجہ سے یہ رپورٹ پیش نہیں ہو سکی لیکن یہ ایک پبلک دستاویز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جو پانچ، چھ ماہ پلستر چڑھا کر گھومتے رہے میڈیکل رپورٹ میں ان کی ٹانگ پر کسی قسم کا کوئی فریکچر نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران عمران خان کے یورین کا سیمپل بھی لیا گیا تھا جس کی ابتدائی رپورٹ میں شراب اور کوکین کے اجزا پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے پینل کے مطابق ان کی دماغی صحت پر بھی سوالیہ نشان ہے ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی حرکات و سکنات ایک تندرست انسان جیسی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ آئی تو وہ بھی عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ثابت کیا کہ اس شخص نے نوجوانوں کو اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا، عمران خان نے معاشرے کی روایات کو تباہ کر دیا، اس کے جلسے میں تو لوگ چلے جاتے ہیں لیکن کوئی عزت دار آدمی اس کو اپنے خاندان کے درمیان کھانے پر نہیں بلاتا۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص کو عدالت کی جانب سے صادق اور امین قرار دیا گیا تھا جو کہ سب کے سامنے آ چکا ہے ۔

لاہور( نیوز ایجنسیاں ،دنیا نیوز)تحریک انصاف نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی پریس کانفرنس کو شرم ناک  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر صحت اور ان کے معاونین کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عبدالقادر پٹیل، نیب، وزارتِ صحت اور پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی کی سربراہی میں چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے تیاریوں کا آغاز کر دیا اور شرمناک پریس کانفرنس پر ہتک عزت سمیت دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں