خسروبختیار، سیف نیازی،ابرارالحق،فردوس عاشق،مرادراس بھی تحریک انصاف سے الگ

خسروبختیار، سیف نیازی،ابرارالحق،فردوس  عاشق،مرادراس بھی  تحریک  انصاف  سے  الگ

اسلام آباد ، لاہور ، ملتان(اپنے رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر ، نیوز رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار ،سابق صوبائی مشیر فردوس عاشق اعوان اور سابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس ، فیصل آباد سے سابق رکن قومی اسمبلی خرم شہزاد، سابق ایم پی اے میاں احسن انصر بھٹی اور عمران خان کے قریبی عزیز سیف اللہ نیازی، ابرار الحق نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان کا ایجنڈا ملک کیلئے زہر قاتل بن گیا ، عمران خان پہلے دشمنوں کیلئے نہیں دوستوں کیلئے دشمن بنتے ہیں، عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔بیرونی ایجنڈے پرسازش تیارکی گئی، سازش کا مقصداداروں کی تضحیک،غیرملکی آقاؤں کوخوش کرناتھا، منصوبہ بندی کے تحت شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیاگیا، واقعات کی آزادانہ انکوائری کی جائے ، ملوث افرادکو عبرتناک سزا دی جائے ۔سیف اللہ نیازی نے بھی تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت اسلام بھی نہیں دیتا، مجھے اب آرام کرنا اور فیملی کو وقت دینا ہے ، گزشتہ ایک سال بہت مشکل تھا، اب صحت کو وقت دینا چاہتا ہوں۔فیصل آباد سے سابق رکن قومی اسمبلی خرم شہزاد نے بھی تحریک انصاف کو چھوڑ دیا۔خرم شہزاد نے کہا 13سال پارٹی میں رہا،چھوڑتے ہوئے آنکھیں نم توہوں گی، جینامرناپاکستان کے ساتھ ہے ،بیرون ملک جانے کاارادہ نہیں، 9مئی کاواقعہ ہماری سوچ سے بالاترہے ۔معروف گلوکار اور پی ٹی آئی کے رہنما ابرار الحق نے بھی پارٹی کو الوداع کہہ دیا۔پریس کانفرنس کے دوران اپنی نظم گنگنائی اور پھر آبدیدہ ہو گئے ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیاست میں خدمت کاعنصرنظرنہیں آتا، شایدہی کوئی ہو گا جس نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت نہ کی ہو، ہم ایساکام کیوں کریں کہ آگے کچھ نظرنہ آئے ، ہمیں پاکستان کیلئے کچھ بڑاکرناہے ، بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ عمران خان کے قریبی دوست مراد راس بھی پارٹی کو خیر باد کہہ گئے ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر نے کہا ہم 9 مئی کی تحریک پر مبنی سیاست سے اتفاق نہیں کرتے ، کبھی بھی ایسا دن نہیں سوچا تھا کہ وہ عمران سے علیحدگی اختیار کر لیں گے ۔

اس موقع پر انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور آبدیدہ بھی ہو گئے ۔پی ٹی آئی کے سابق چیف الیکشن کمشنر جمال اکبر انصاری نے بھی پی ٹی آئی کو خیر آباد کہہ دیا۔ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمال اکبر انصاری نے کہا 9مئی کے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، شہدا کی یادگاروں پر حملے ناقابل قبول ہیں،کوئی بھی محب وطن پاکستانی فوج کی تذلیل برداشت نہیں کر سکتا،جن خاندانوں کیساتھ زیادتی ہوئی ان سے معذرت خواہ ہیں،فوج قومی اور دفاعی ادارہ اور قوم کی عزت کا نشان ہے ،سپریم کورٹ اور افواج کی تذلیل قوم کی تذلیل ہوتی ہے ،جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ اپنی جان سے زیادہ پاکستان آرمی کو قرار دیتے تھے ، جس پی ٹی آئی کومیں جانتا ہوں وہ پرامن جماعت تھی،تحریک انصاف کا پچھلے بیس سال سے ممبر ہوں تاہم آج افسوس کے ساتھ پارٹی چھوڑنے کا اعلان کررہاہوں۔پنڈی بھٹیاں سے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے میاں احسن انصر بھٹی نے بھی پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا 9 مئی کے واقعہ پر انتہائی تکلیف ہوئی۔ سابق صوبائی مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم خان نے بھی پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کردیا۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک قاسم خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ نے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ہم رضا کارانہ طور پر چھوڑ رہے ہیں، ہماری قوم کا مفاد اسی میں ہے کہ ہم تحریک انصاف چھوڑ دیں۔ تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کی طرح پی ٹی آئی کی ایم پی اے رابعہ اظفر نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رابعہ اظفر نے کہا تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے مستعفی ہوتی ہوں،9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، افواج پاکستان ملک کی تحفظ کی ضامن ہیں، اپنے بچوں کو سیاسی ایڈونچر کے رسک پر نہیں ڈال سکتی۔ سابق ایم پی اے احمد شاہ کھگہ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر دیوان عظمت نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا۔سابق ایم پی اے فرخ ممتاز نے پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔تحریک انصاف کے ضلع لودھراں سے 2مزید ٹکٹ ہولڈرز نے ٹکٹیں واپس کرکے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ۔ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل جنرل و ٹکٹ ہولڈر پی پی224 ملک آصف اعوان ،پی پی 227سے ٹکٹ ہولڈر طاہر امیر غوری نے 9مئی کے واقعات کی مذمت کی ۔پی ٹی آئی کے رہنما سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار بھی پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ گئے ۔اس بات کا اعلان انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں