اعجاز چودھری کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ ، عامر ڈوگر پھر گرفتار

 اعجاز چودھری کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ ، عامر ڈوگر پھر گرفتار

لاہور ، پشاور ، اسلام آباد ، راولپنڈی ( ایجنسیاں ،اپنے نامہ نگارسے ) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو گلبرگ میں عسکری ٹاور حملہ کیس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعجاز چودھری کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے گرفتار اعجاز چودھر ی کو عدالت میں پیش کیا ،تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اعجاز چودھر ی کی عسکری ٹاور حملہ کیس میں گرفتاری ڈالی گئی ہے ،تھانہ گلبرگ کے مقدمہ نمبر 2171 میں اعجاز چودھر ی نامزد ہیں۔انسپکٹر زاہد سلیم نے اعجاز چودھر ی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی کہ ملزم سے اسلحہ برآمد کرنا ہے ،فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے ۔عدالت نے اعجاز چودھری کا 3 روزہ جسمانی ریمارنڈ منظور کرکے انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔سابق صوبائی وزیر قلندرخان لودھی کوانسداد دہشت گردی کی عدلت میں پیش کردیا گیا۔سابق صوبائی وزیر رہائی کے بعد پھر گرفتار کر لئے گئے ۔عدالت نے قلندرلودھی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔قلندرلودھی کو جمعہ کو سخت سکیورٹی میں ایبٹ آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔بعد ازاں عدالت کے احکامات کی روشنی میں پولیس نے دوبارہ انہیں گرفتار کیا۔عدالت نے سابق صوبائی وزیر کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے ،تحریک انصاف کے ر ہنما جمال اکبر انصاری کو گزشتہ شام اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کردیاگیا ،سنٹرل جیل ہری پورسے پی ٹی آئی کے 27گرفتارکارکن رہا کردئیے گئے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعدہری پورکے مختلف علاقوں سے تھری ایم پی اومیں گرفتارہونے والے پی ٹی آئی کے 27کارکنوں کوجمعہ کے روز سنٹرل جیل ہری پورسے رہاکردیا گیا۔،جیل ذرائع کے مطابق تین گرفتارکارکن رہائی کے کاغذات مکمل نہ ہونے کے باعث رہانہیں ہوسکے ۔ادھر پشاور انسداد دہشت گردی عدالت نے 10مئی کو توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار 44 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی ، ملزمان پر 10 مئی کو تھانہ فقیر آباد پر حملے کا الزام ہے ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں گرفتار تین ملزمان کی درخواست میں آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت یکم جون تک کیلئے ملتوی کردی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں