جناح ہاؤس پر حملہ ریاست کیخلاف بغاوت تھی:خواجہ آصف

 جناح ہاؤس پر حملہ ریاست کیخلاف بغاوت تھی:خواجہ آصف

لاہور،مصطفی آباد،للیانی(سپیشل رپورٹر، آئی این پی،سٹی رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک فوج کی تنصیبات پر حملہ اور شہدا کی یادگاروں کو مسخ کرنا ناقابل معافی ہے۔

 ،9 مئی کو ریاست کیخلاف بغاوت ہوئی اورعمران خان نے باقاعدہ منصوبہ بندی  کر کے حملے کرائے ،چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ری ایکشن آنا سمجھ سے بالاتر ہے ،پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت کے بعد ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں جناح ہاؤس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو،گنج شہدا مصطفی آباد آمد پر استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مصطفی آباد میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیر دفاع نے کہاکہ توڑ پھوڑ کرنے کیلئے باقاعدہ طور پر آٹھ دس دن تک پی ٹی آ ئی کے شر پسندوں کو زمان پارک میں ٹریننگ دی گئی ،جو لوگ 9مئی کے واقعہ میں ملوث ہیں ان کیخلاف کیسز بنائے جائیں گے اور ان کو آئین اور قانون کے تحت قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ایک ادارہ جو خود کو سیاست سے الگ کرچکا آپ بار بار اس کو فریق کیوں بنا رہے ہیں،فوج کو سیاست کا فریق بنانا سب سے بڑا جرم ہے ،پی ٹی آئی پر پابندی بارے ابھی فیصلہ نہیں ہوا ۔ دریں اثنا وزیردفاع نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ کے بینچ بارے کہا کہ عدلیہ کا ایک گروہ اپنی آڈیوز کے فیصلے کرنے خود ہی بیٹھ گیا ۔ ادھر کھڈیاں سے گنج شہدا مصطفی آباد تک مسلم لیگ ن نے استحکام پاکستان ریلی نکالی ۔شرکا سے خطاب کرتے خواجہ آصف نے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ملک قائم دائم ہے ، فوج کو للکارنے والوں کے ساتھ وہی کچھ ہوتا ہے جو اس کے دہشت گردوں کے ساتھ ہو رہا ، ان کو الیکشن میں بھی دیکھ لیں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں