عمران کا گھر کے سر چ وارنٹ منسوخی کیلئے عدالت سے رجوع

عمران کا گھر کے سر چ وارنٹ منسوخی کیلئے عدالت سے رجوع

لاہور(اپنے خبر نگار سے )عمران خان نے گھر کے سرچ وارنٹ منسوخ کرانے کے لیے انسدادِ دہشت گردی عدالت سے رجوع کرلیا۔ عمران خان نے درخواست میں کمشنر لاہور ،ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا ۔

دہشت گردی عدالت سے 18 مئی کو پولیس نے سرچ  وارنٹ حاصل کیے ۔پولیس سمیت دیگر نے سرچ وارنٹ بدنیتی کی بنیاد پر حاصل کیے ۔جس مقدمے میں سرچ وارنٹ حاصل کیے گئے اس مقدمے میں درخواست گزار کا کوئی کردار نہیں ۔سرچ وارنٹ کے بعد درخواست گزار نے میڈیا کی موجودگی میں فریقین کو سرچ کی اجازت دے دی ۔عدالت 18 مئی کو جاری سرچ وارنٹ کالعدم قرار دے ۔عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور گلبرگ پلازے میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں عمران خان کے ضمانتی مچلکے جمع نہ ہوسکے ۔ انسداددہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے آنے والے مقامی وکیل حبیب سے استفسار کیا کہ ملزم عمران خان کہاں ہیں جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ گھر میں ہیں اگر عدالت کہے گی تو ہم پیش کردینگے ، محمد حبیب ایڈووکیٹ عمران خان کے ضمانتی مچلکوں کے لیے دستاویزات لینے گے مگر واپس نہ آئے جس پر عمران خان کے ضمانتی مچلکے جمع نہ ہوسکے ۔ گزشتہ روز بھی عمران خان کا سویپر ضمانتی مچلکے دینے آیا جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔ عدالت نے عمران خان کو تین لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کررکھی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں