وارداتیں:شہری کروڑوں سے محروم، ڈاکوؤں کی فائرنگ، 2اہلکار زخمی

 وارداتیں:شہری کروڑوں سے محروم، ڈاکوؤں کی فائرنگ، 2اہلکار زخمی

لاہور(سپیشل رپورٹر،سپیشل کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں چوری و ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں شہریوں کو کروڑوں روپے مالیت کی نقدی و طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان سے محروم کر دیا گیاجبکہ ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ڈیفنس سی کے علاقے میں 2ڈولفن اہلکاروں کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے غازی آباد میں شہباز کے گھر سے 27لاکھ 90ہزار مالیتی زیوارات اور نقدی ،نولکھا میں یاسر کی دکان سے ڈیڑھ لاکھ روپے ،شاہدرہ میں ارسلان کی دکان سے چالیس ہزار ،رائیونڈ میں رضوان کی دکان سے 70ہزار ،گارڈن ٹاؤن میں شوکت سے 5 لاکھ ، شاہدرہ میں ندیم سے 6 لاکھ ، گلشن اقبال میں شکیل سے 4 لاکھ ،نشتر کالونی میں فرحان ندیم کی فرنچائز کوریئر سروس سے 56ہزار دو سو روپے ، نشتر کالونی میں ارشد کی دکان سے 51ہزارروپے ،کاہنہ میں جاوید کی دکان سے 59ہزار ، شفیق آباد میں محمد نوید ، مصطفی ٹاؤن میں سعید بن ناصر،باٹا پور میں آصف ، ڈیفنس سی میں حمزہ اکرام، گرین ٹاؤن میں باسط اور چوہنگ میں شفیق سے موٹرسائیکلیں اور نقدی چھین لی گئی جبکہ نامعلوم چور مصطفی ٹاؤن کے علاقے میں شہباز کے گھرکے تالے توڑ کر 20 لاکھ مالیت کے زیورات اور نقدی لے اڑے ، اسی طرح ڈیفنس، جنوبی چھاؤنی، نصیرآباد، چوہنگ، ساندہ، ہنجروال ، نواب ٹاؤن ، شیرا کوٹ اور فیصل ٹاؤن سے کاریں ، ملت پارک، گرین ٹاؤن، مزنگ، لوئر مال، جوہر ٹاؤن اور چوہنگ سے موٹرسائیکلیں چوری ہوگئیں۔دوسری طرف ڈیفنس سی کے علاقے میں دو ڈاکو اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کر رہے تھے کہ اسی اثنا میں گشت کرتے ڈولفن اہلکار وہاں پہنچے تو انہیں دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے 2 اہلکار زخمی ہوگئے ،دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز صادق علی ڈوگر نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج ڈولفن اہلکاروں کی عیادت کی ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں