جعلی زرعی ادویات:کریک ڈاؤن کا حکم،کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دینگے:محسن نقوی

جعلی  زرعی  ادویات:کریک  ڈاؤن  کا  حکم،کاشتکاروں  کا  استحصال  نہیں  ہونے  دینگے:محسن  نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات کے سدباب کے لئے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ محسن نقوی کاکہناہے کہ پولیس اور متعلقہ محکمے جعلی ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔

 نگران وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں کپاس کی بوائی و پیداوار بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔محسن نقوی کااجلاس میں کہناتھا کا شتکار کے استحصال کی اجازت نہیں دیں گے ۔ ادھر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی صدر نازآفریں کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، وفد نے اخباری صنعت کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا، محسن نقوی نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈا کیا گیا۔ 2 سال پرانی ویڈیوز دکھا کربے بنیاد پراپیگنڈا کیا جا رہا ۔ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں ۔ پنجاب سے کل 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا، 21 کو رہا کر دیا گیا ۔ تقریباً 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن گرفتاری سے گریز کیا۔ جناح ہاؤس کے ساتھ میانوالی ایئر بیس پر حملے کا خطرناک منصوبہ بنایا گیا، حملہ آور قیمتی جہاز جلانا چاہتے تھے ، حملہ آور بھوسے سے بھری ٹرالیوں میں اسلحہ لائے تھے ۔ انہوں نے کہا معاشی بہتری کی جلد اچھی خبریں آئیں گی۔ نگران حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔ اشتہارات کی مد میں اخبارات کے واجبات کی جلد ادائیگی کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا اخبارات کو اشتہارات کا سسٹم ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ۔ اخبارات کو اشتہارات کی مد میں ادائیگی کم سے کم وقت میں کی جائے گی۔ ملاقات میں اے پی این ایس کے انتقال کرنے والے ارکان کے رسائل و جرائد کے اشتہارات جاری رکھنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وفد میں سرمد علی، مجیب الرحمن شامی، منیر گیلانی، شہاب زبیری، سجاد بخاری، وقارالدین، امتنان شاہد، ہمایوں طارق، ہمایوں گلزار، محسن بلال، محسن سیال، فوزیہ شاہین، بلال محمود، یونس مہر، ممتاز پھپھوٹو، فیصل شاہجہان، ممتاز، جاوید مہر شمسی، اویس خوشنود،عرفان اطہر اور دیگر شامل تھے ۔ادھر نگران وزیراعلیٰ سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور صحت، لائیوسٹاک، ڈیری ڈیویلپمنٹ،پولیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں