عدم ادائیگی، ملائشیامیں پی آئی اے کاطیارہ روک لیا گیا

عدم ادائیگی، ملائشیامیں پی آئی اے کاطیارہ روک لیا گیا

کراچی (آئی این پی ) قومی فضائی کمپنی کے بوئنگ طیارے کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ملائشیا میں روک لیا گیا۔

پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ایئرپورٹ پر روکا گیا، بی ایم ایچ رجسٹریشن نمبر کے حامل طیارے کو ایئرپورٹ انتظامیہ نے دوسری بار روکا ہے ، طیارہ مقامی عدالت کے احکامات پر 40لاکھ ڈالرز واجبات وصولی کے لئے روکا گیا۔ پی آئی اے کی جانب سے کچھ عرصہ قبل ملائشین کمپنی سے لیز پر ایک طیارہ حاصل کیا گیا تھا، لیز رقم  کی عدم ادائیگی پر متعلقہ کمپنی نے واجبات وصولی کیلئے مقامی عدالت سے حکمنامہ حاصل کیا تھا۔ پرواز پر پائلٹ، معاون پائلٹ کے علاوہ 10 فضائی میزبان تعینات ہیں۔ مسافروں کی وطن واپسی کے لئے پی آئی اے نے پی ایچ ایکس رجسٹریشن کا بوئنگ 777 متبادل طیارہ روانہ کیا ہے ۔دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ ایچ خان نے کہا کہ مذکورہ بوئنگ 777 طیارہ خود پی آئی اے کی ملکیت ہے اور لیزنگ کمپنی صرف ایک انجن کی مالک ہے ۔لیزنگ کمپنی نے ملائشیا کی ایک مقامی عدالت میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ پی آئی اے کے ذمے اس کے 45لاکھ امریکی ڈالر واجب الادا ہیں حالانکہ اصل قابل ادائیگی رقم 18 لاکھ امریکی ڈالر تھی اور وہ بھی انہیں پہلے ہی ادا کر دی گئی تھی۔ ہمارا موقف ہے کہ ضبطی کے لیے پیش کیا گیالیزنگ کمپنی کا دعویٰ غلط ہے ، وکلاء کو عدالت میں اس معاملے پر اپنا بھر پور موقف پیش کرنے کے لئے کہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں