حماد اظہر ،اسلم اقبال کے سمز اور لوکیشن بدل کر رابطے

حماد اظہر ،اسلم اقبال کے سمز اور لوکیشن بدل کر رابطے

لاہور (سپیشل کرائم رپورٹر، دنیا نیوز ،نیوز ایجنسیاں ) لاہور میں جلاؤگھیراؤاور توڑ پھوڑ کے معاملے پر پولیس تحریک انصاف کے رہنماؤں حماد اظہر اور اسلم اقبال کی گرفتاری کیلئے متحرک ہو گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال کا پارٹی سربراہ اور پارٹی ورکرز سے 700 مرتبہ رابطہ ہوا ہے ، حماد اظہر اور اسلم اقبال کی 10 سے 15 بار لوکیشن تبدیل ہوئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنمائوں کے رشتے داروں سمیت کئی افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے ، حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال مختلف سموں سے رابطے کر رہے ہیں،کرک سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی شا ہد احمد کوضلع بونیر سے گرفتار کرلیا گیا ،ترجمان ضلع بونیر پولیس کے مطابق ان کے ہمراہ یوتھ ونگ کے صدر مینہ خان کو بھی گرفتار کرلیا گیاہے دونوں کو پشاور منتقل کیا جا رہا ہے ،پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کے مزید ریمانڈ کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا، انیلہ محمود نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ مزید کسی مقدمے میں محمود الرشید کا ریمانڈ نہ دیا جائے اور ٹرائل کورٹ کو مزید ریمانڈ نہ دینے کی ہدایت کی جائے ،پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چودھری کی اہلیہ نے جیل میں ملاقات کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ،سلمیٰ اعجاز چودھری نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اعجاز کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں،اہل خانہ کو اعجاز سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ، اعجاز چودھری مختلف عارضوں کا شکار ہیں،ادھر لاہور ہائیکورٹ نے پاناما کی طرز پر9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی،ادھر تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر امیر بخش بھٹو اور صوبائی نائب صدر سندھ اللہ بخش انڑ نے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا،پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ ایکشن کمیٹی اور سی ای سی سمیت بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں، اب سیاست کرنے کو دل ہی نہیں چاہتا جو تعلیم ملی اس کے مطابق سیاست نہیں کرسکتا، مستقبل کا فیصلہ دوستوں کے ساتھ مل کر کروں گا، 9 مئی کو ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ،تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کے بھائی عامر ڈار نے بھی تحریک انصاف چھوڑ دی،عامر ڈا ر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں9 مئی واقعات کی مذمت کرتا ،عثمان ڈار اور عمر ڈار کا اپنا فیصلہ ہوگا،لیہ سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے سابق ایم پی اے سید رفاقت گیلانی نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا،میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں اور پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں