اوپن مارکیٹ میں ڈالر13روپے گرکر 300سے نیچے،سونا5400روپے سستا

اوپن  مارکیٹ  میں  ڈالر13روپے  گرکر 300سے  نیچے،سونا5400روپے  سستا

کراچی(بزنس رپورٹر)سٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز کو کریڈٹ کارڈز کی ادائیگیوں کیلئے انٹربینک سے ڈالر خریدنے کی اجازت دینے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر پر دباؤ کم ہوگیا۔

اس اقدام کے باعث گزشتہ روز اوپن مارکیٹ  میں ڈالر 13روپے گر گیا۔ادھرایک تولہ سونا5400روپے سستاہوگیا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ اور انٹر بینک و اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں نمایاں فرق کے باعث سٹیٹ بینک نے کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کو بیرونی ادائیگیوں کیلئے بینکوں سے ڈالر خریدنے کی اجازت دی، اجازت دو ماہ کیلئے دی گئی ہے ،جمعرات کواوپن مارکیٹ میں ڈالر13روپے گر گیااور ڈالر کی قدر 311روپے سے گھٹ کر298روپے کی سطح پر آگئی ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت فروخت 19روپے کی کمی سے 332روپے سے گر کر313روپے اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت 20روپے کی کمی سے 385روپے سے کم ہوکر365روپے کی سطح پر آگئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر9پیسے کی کمی سے 285.38روپے پر آگیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے سٹیٹ بینک کے اقدام کو سراہتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تعریف کی اور کہا کہ ڈالر کا ریٹ مزید گرے گا، حکومت بیرون ملک سے یا آن لائن چینل سے لگژری یا غیر ضروری اشیاء کی خریداری پر10فیصد ٹیکس عائد کردے ۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا7ڈالرکے اضافے سے 1967ڈالرفی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باوجود مقامی سطح پر فی تولہ سونا5400روپے کی کمی سے 2لاکھ29ہزارروپے اوردس گرام4629روپے کی کمی سے 1لاکھ96ہزار331روپے کاہوگیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت50روپے کی کمی سے 2750 روپے ہوگئی ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں