مئی:تاریخی مہنگائی ،38فیصد سطح جنوبی اشیا میں سب سے زیادہ

مئی:تاریخی  مہنگائی ،38فیصد  سطح  جنوبی  اشیا میں  سب  سے  زیادہ

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں مئی 2023 کے دوران مہنگائی 38 فیصد پر جاپہنچی جو ملکی تاریخ کی سب سے بلند ترین شرح ہے جبکہ جنوبی ایشیا میں بھی سب سے بلند سطح ہے ۔

شماریات بیورو نے ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق مئی میں مہنگائی 38فیصد ریکارڈ کی گئی جو ایک ماہ قبل اپریل میں 36.4فیصد اور ایک سال قبل مئی 2022 میں 13.8 فیصد تھی، اس طرح مہنگائی میں   ماہانہ بنیاد پر 1.6 اور سالانہ بنیاد پر 24.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2023 میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 35.1فیصد رہی جو ایک ماہ قبل اپریل میں 33.5اور ایک سال قبل مئی 2022 میں 12.4 فیصد تھی۔ اس طرح شہروں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 1.6 اور سالانہ بنیاد پر 22.7 فیصد اضافہ ہوا۔ مئی2023 میں دیہات میں مہنگائی کی شرح42.2فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جو کہ اپریل2023میں40.7 اور مئی2022میں15.9فیصد رہی، اس طرح دیہات میں مہنگائی ماہانہ بنیاد پر1.4فیصد اور سالانہ بنیاد پر 26.3فیصد بڑھی۔ عام آدمی کے استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر مشتمل ایس پی آئی انڈیکس کے مطابق مئی2023میں مہنگائی کی شرح43فیصد رہی جو کہ اپریل2023میں42.1 اور مئی2022 میں 14.1فیصد تھی۔ اس طرح ایس پی آئی انڈیکس کے تحت ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 0.8 اور سالانہ بنیاد پر 28فیصد کا اضافہ ہوا۔ ہول سیل مارکیٹ میں مئی2023میں مہنگائی کی شرح32.8فیصد ریکارڈ کی گئی جو کہ اپریل2023میں 33.4اور مئی2022میں29.6فیصد تھی، اس طرح ہول سیل انڈیکس کے تحت ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 0.6 فیصد کمی آئی اور سالانہ بنیاد پر 3.2فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اپریل2023کے مقابلے میں مئی2023کے دوران مرغی 11.31، انڈے 7.10، آٹا6.40، آلو17.22، پیاز32.96،ٹماٹر28.89،تازہ سبزیاں10.71 اور گڑ کی قیمت میں 15.73فیصد اضافہ ہوا۔ مئی 2022 کے مقابلے میں مئی 2023 کے دوران سگریٹ 148.33،چائے کی پتی112.18، کتابیں 113.98، سٹیشنری79.38،ریڈی میڈ گارمنٹس50.19،آلو108.17، گندم94.84،بجلی59.28،گیس 62.82، ایل پی جی 36.17، فرنیچر28.70، انڈے 90.27،گندم سے بنی اشیا64.17،بیسن49.07،بیکری کی اشیا44.27،باسمتی چاول85.18، نمکو38.32، گائے کا گوشت20.13،مرغی36.18،مچھلی20.86،تازہ دودھ20.86،دودھ سے بنی اشیا35.64، خشک دودھ27.16،مکھن45.85، سرسوں کا تیل30.20، کوکنگ آئل33.81، گھی53.18، ڈرائی فروٹ49.79، تازہ پھل53.18، دال مونگ57.97، دال مسور21.32،دال ماش58.24، دال چنا48.47، چنا48.47، لوبیا53.18، چینی41.10، گڑ28.19،شہد10.60، مٹھائی34.39، آئس کریم30، گرم مصالحہ جات80.2،مشروبات38.95، پان 45.27، کاٹن کلاتھ31.53،وولن کلاتھ24.18، ریڈی میڈ گارمنٹس17.78، جوتے 10.64،تعمیراتی سامان38.07، واشنگ پاؤڈر63.70، ادویات21.81 اور گاڑیوں کی قیمت میں 38.01 فیصد اضافہ ہوا جبکہ شادی ہال چارجز33.43اور ٹرانسپورٹ کرایے 24.13فیصدبڑھے ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مئی 2023 کے دوران غذائی اشیا کی قیمتوں میں 48.7 ، تعمیراتی سامان میں 20.5 ، جوتوں اور کپڑوں کی قیمتوں میں 22.5 فیصد اوسط اضافہ ہوا جبکہ تعلیمی اخراجات میں 8.4 اورعلاج معالجے کے اخراجات میں 19.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ معاشی تجزیہ کار کے مطابق مئی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح ایک مہینے میں بلند ترین شرح ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں مہنگائی کی شرح کے اعداد و شمار جولائی 1965 میں جمع کرنے کا آغاز کیا گیا اور اس وقت سے لے کر آج تک اس سے زیادہ مہنگائی کی شرح ریکارڈ نہیں کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں