سکریپ میں بارودی مواد کا دھماکا،خاندان کے 6 افراد جاں بحق

سکریپ  میں  بارودی  مواد  کا   دھماکا،خاندان  کے  6  افراد  جاں  بحق

ڈیرہ غازی خان ،مظفرگڑھ ،کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر،سٹی رپورٹر،تحصیل رپورٹر، نامہ نگار) تھانہ دائرہ دین پناہ کی حدودکھوہ نطفے والا کے قریب پل چھجڑے والا کے علاقے میں سکریپ میں زور داردھماکا سے دیت برادری کے ایک ہی گھرکے 6افرادجاں بحق اور4زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے ،مرنے والوں میں2بھائی ،ایک کی بیوی اوربچے شامل ہیں ،ذرائع کاکہناہے کہ دھماکا سکریپ میں موجود بارودی مواد کا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو کے نواحی علاقہ دائرہ دین پناہ کے قریب کھوہ نطفے والا میں پل چھجڑے والا پر گزشتہ روز صبح 9بجے کے قریب کباڑ کاکام کرنے والے محنت کش اقبال دیت کے گھرپرسکریپ کی چھانٹی کرتے ہوئے اس میں موجود بارودی مواد اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے 32 سالہ بلال دیت ،بلال کی بیوی 27 سالہ حسینہ بی بی ،30سالہ اقبال دیت،اقبال کی تین سالہ بیٹی سعیدہ ،اسلم دیت کی بیوی 25سالہ شانو اوراس کا بیٹا ڈیڑھ سالہ فرحان جاں بحق ہوگئے جبکہ 29سالہ محمد اسلم ، محمد اقبال کی بیوی 26سالہ عزیز مائی،بلال کی بیٹی کوثر بی بی اور دونوں بھائیوں کا والد نور محمد زخمی ہوگئے ۔ محمد اسلم اور عزیزمائی کو تشویشناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیاجہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کرلیاگیا،دھماکے سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق سکریپ نکالتے وقت بارودی مواد پھٹ گیا جبکہ لواحقین کا کہناہے کہ قریبی رشتہ داروں سے زمینی تنازع چل رہا تھا اسی رنجش میں انہوں نے بارودی مواد پھینکا ،انہیں بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کرکے محرکات کو سامنے لانے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کاحکم جاری کردیا جبکہ آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید حسنین حیدر نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں