حکمرانی کا لالچ ذلت و رسوائی کی آخری حد تک پہنچ چکا:شیخ رشید

 حکمرانی کا لالچ ذلت و رسوائی کی آخری حد تک پہنچ چکا:شیخ رشید

راولپنڈی،اسلام آباد (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں50سال سے ایک سیٹ کی سیاست کرتا ہوں اور میری اپنی پارٹی عوامی مسلم لیگ ہے ، 4 مرتبہ میرے گھروں پر وحشیانہ چھاپے مارے گئے ، توڑپھوڑ اور ملازمین پر تشدد کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی پولیس ڈرتی ہے لیکن پنجاب اور اسلام آباد کی پولیس بیویوں، بیٹوں کی بیحرمتی کرتی ہے ۔ جس طرح چادر اور چار دیواری کی بیحرمتی اور تھانوں میں رشوت لی جا رہی ہے ، وہ انتہائی افسوس ناک ہے ۔آئی ایم ایف  سے لیکر آسٹریلیا تک اور چین سے لیکر سعودی عرب تک سب سمجھا رہے ہیں کہ ہوش کے ناخن لیں لیکن حکمرانی کی لالچ ذلت اور رسوائی کی آخری حد تک پہنچ چکی ہے ، ادھر اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کے گھر پر چھاپے کے دوران ملازم پر تشدد کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ایک ملازم گر کر زخمی ہوا۔ ٹویٹ میں پولیس نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے مقدمہ نمبر376/23 تھانہ کوہسار میں وارنٹ حاصل کرکے ریڈ کیا،پولیس نے کسی بھی ملازم پر تشدد نہیں کیا ،پولیس نے دو گاڑیاں قبضہ میں لیں جن سے ایک ایس ایم جی برآمد ہوئی،اسلحہ کے قانونی یا غیر قانونی ہونے سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں