سیاسی محاذ آرائی پر کشیدگی کو نیا رنگ دیا جارہا :کائرہ

سیاسی محاذ آرائی پر کشیدگی کو نیا رنگ دیا جارہا :کائرہ

لاہور (سپیشل رپورٹر،اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے شر پسندوں نے 9مئی کو فوجی تنصیبات پر منصوبہ بندی کے تحت حملے کئے۔

سیاسی محاذ آرائی پر کشیدگی کو نیا رنگ دیا جارہا ،سوشل میڈیا پر خواتین پر تشدد کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں،دہشت گردی میں ملوث تمام عناصر کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے ، حکومت کی پوری کوشش ہے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جمعرات کو یہاں پیپلزپارٹی وسطی پنجابکے نائب صدر  رانا عرفان کی رہائشگاہ ٹیک سوسائٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل ، سردار آصف علی، مسعود ملک، عائشہ غوری اور چودھری ریاض سمیت دیگر موجود تھے ۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم اور ان کے بلوائی یہ تاثر دے رہے ہیں پاکستان میں ان کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں،سوشل میڈیا پر 9 مئی کو خواتین پر پولیس تشدد کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں ،ایسی باتیں کی جارہی ہیں کہ خواتین پر جنسی تشدد بھی کیا جارہا جو انتہائی گھٹیا بات ہے ، بغیر ثبوت الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔ وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ ساری دنیا کی حکومتیں نقص امن پر بھر پور ایکشن لیتی ہیں لیکن آج پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے حالانکہ یہ انسانی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں ،ہم 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہیں ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں ، عوام انتخابات میں کسی لوٹے کو ووٹ نہ دیں، ہم سیاسی جماعتوں پر پابندیوں کے خلاف ہیں ،چیئرمین پی ٹی آئی اپنے کئے پر اظہار ندامت کریں تو حالات بہتری کی طرف جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں