زرداری کی ملاقات ، شجاعت کا بجٹ میں عوام کو ریلیف کا مشورہ

 زرداری کی ملاقات ، شجاعت کا بجٹ میں عوام کو ریلیف کا مشورہ

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ، سپیشل رپورٹر، دنیا نیوز،آئی این پی)پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گزشتہ روز لاہور میں مصروف ترین دن گزارا ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر جاکر ان سے ملاقات کی۔

 دوسری طرف پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے جواد حسین نے زرداری سے ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم و ق لیگ کے سربراہ شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر جا کر ملاقات کی ، ملاقات میں وفاقی وزیر سالک حسین، شافع حسین ،ق لیگ کے چیف آرگنائزر چودھری سرور، ق لیگ سندھ کے صدر طارق حسن بھی موجود تھے ۔آصف علی زرداری نے شجاعت سے ان کی خیریت دریافت کی اورسیاسی صورتحال، ملکی معاملات پر بات چیت کی ۔اس موقع پر سربراہ ق لیگ نے حکومت کو بجٹ میں عوام کو ریلیف کا مشورہ دیتے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ، کم کرنا حکومتی اولین ترجیح ہونی چائیے ۔شجاعت نے مزید کہا کہ سیاست بعد میں بھی ہوتی رہے گی، پہلے عوام کی بہبود کا سوچنا ہوگا،سیاسی رنجش کو ذاتی رنجش نہ بنائیں ، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے ۔ آصف زرداری نے کہا کہ غریب کے مفاد ات کا تحفظ پیپلزپارٹی کی پہلی ترجیح ،ہر سیاسی جماعت کا فوکس عوامی مفاد ہی ہوناچاہیے ۔ ادھرسابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے دوبارہ چودھری شجاعت سے ملاقات کی اور کہا کہ میرے ساتھ پی ٹی آئی منحرف اراکین کی بڑی تعداد ہے ، جو بھی فیصلہ کریں گے مل کر کریں گے ، ایک شخص نے ہٹ دھرمی کی سیاست کی اور ملک کو نقصان پہنچایا ۔دوسری طرف بلاول ہاؤس میں آصف زرداری سے این اے 47 سابقہ فاٹا سے پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی جواد حسین ،سینئر نائب صدر مسلم لگ ن خانیوال رانا عبدالرحمن نے ملاقات کی اور پی پی میں شمولیت کاعلان کر دیا ۔دریں اثنا آصف زرداری مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق سپیکر ایاز صادق کے گھر گلبرگ گئے اور وہاں ایاز صادق کے بھائی کی وفات پر اظہارتعزیت ،فاتحہ خوانی کی ، اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں