آج عام آدمی پر 42اقسام کے ٹیکس نافذ ہیں:سراج الحق

 آج عام آدمی پر 42اقسام کے ٹیکس نافذ ہیں:سراج الحق

اسلام آباد/لاہور (اپنے رپورٹر سے ،دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک قرضوں کی دلدل میں پھنسا ، دنیا غربت اور ہمارے سیاست دان ایک دوسرے کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں ملوث تمام افراد کو کٹہرے میں لایا جائے ، ماضی میں جب کے پی کا وزیرخزانہ بنا تو اس پر 71ارب کا قرضہ تھا، صوبہ کو قرض فری بنایا ۔ وہ اقرا یونیورسٹی اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں ‘‘کامیاب وزیرخزانہ  ’’کے عنوان سے منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے ۔ دریں اثنا امیر جماعت کی اپیل پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی کے لیے نماز جمعہ کے بعد ملک میں مظاہرے کئے گئے اور مساجد میں دعائیں کی گئیں ۔سراج الحق نے خطاب میں مزید کہا کہ ماہرین کے مطابق اس وقت جی ڈی پی مائنس ہو چکا ، زرمبادلہ ذخائر 4ارب ڈالر سے بھی کم ہیں، بجٹ کا 50فیصد سودی قرضوں کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے کروڑوں افراد کی زندگیاں اجیرن ہو چکیں ، آج ملک میں عام آدمی پر 42اقسام کے ٹیکسز نافذ ہیں، اقتدار ملا تو تمام ٹیکسز ختم کر کے زکوٰۃ و عشر کا نظام متعارف کروائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے عوام کا خون نچوڑا جاتا ہے ، اب یہ رسم بندہونی چاہیے ، اشرافیہ قربانی دے ، چند مہینوں میں ڈھائی لاکھ پروفیشنلز بیرون ملک چلے گئے ، برین ڈرین بڑا مسئلہ ہے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں