کچے میں ڈاکوؤں کے پاس امریکی اسلحہ ،بھارتی ٹریننگ:قائمہ کمیٹی میں انکشاف

کچے  میں  ڈاکوؤں  کے  پاس  امریکی  اسلحہ ،بھارتی  ٹریننگ:قائمہ کمیٹی  میں  انکشاف

اسلام آباد،ڈیرہ غازیخان(دنیا نیوز ،این این آئی،ڈسٹرکٹ رپورٹر )پنجاب میں کچے کے ڈاکوؤں کے پاس امریکی اسلحہ ہونے اور بھارت کی جانب سے ٹریننگ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق کا اجلاس قاسم نون کی زیر صدارت ہوا جس میں پنجاب کے کچے کے علاقے میں آپریشن سے متعلق پولیس کے حکام نے بریفنگ دی۔پنجاب پولیس کے حکام نے بتایا کہ رواں سال9اپریل  کو آپریشن شروع کیا گیا اور ڈاکوؤں کے قبضے سے 58 ہزار ایکڑ سے زائد زمین خالی کروا لی ،چیئرمین کمیٹی قاسم نون نے سوال کیا کہ کیا ڈاکوؤں کے پاس وہ اسلحہ ہے جو امریکن یہاں چھوڑ کر گئے تھے ؟ ۔ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے پاس وہ اسلحہ نہیں جو ڈاکوؤں کے پاس ہے ، ڈاکوؤں کے پاس زیادہ اور جدید اسلحہ ، وہ دو دو کلومیٹر کے فاصلے سے ہمارے جوانوں کو نشانہ بناتے ہیں اور ہمیں یہ بھی پتا نہیں چلتا ڈاکو کہاں بیٹھ کر ہمیں نشانہ بنا رہے ، اس لئے ہماری شہادتیں ہوتی ہیں، جو آرمی کے پاس اسلحہ ہے کم سے کم کچے کی حد تک وہ اسلحہ پولیس کو دیا جائے ۔پولیس حکام نے اعتراف کیا کہ یہ وہی اسلحہ ہے جو امریکن چھوڑ گئے تھے اور بھارت نے اس اسلحے سے متعلق ڈاکوؤں کو تربیت دی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ افغانستان میں امر یکیوں کی جانب سے چھوڑا گیا اسلحہ ڈاکوؤں، طالبان اور ملک دشمن عناصر کے ہاتھ لگ گیا ،کمیٹی نے وزارت داخلہ اور وزارت ڈیفنس پروڈکشن کو ا سلحہ کی فراہمی کے لیے سفارش کر دی۔دوسری طرف راجن پور میں کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن 55 ویں روز میں داخل ہو گیا اور پولیس دستوں نے سخت مزاحمت کے بعد مندھری اور چک کڑیہ کا کنٹرول حاصل کر لیا۔مندھری اور چک کڑیہ میں کمین گاہوں کو تباہ کر کے 2 مزید پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں ،مندھڑی سے فرار متعدد ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ،آر پی او کیپٹن (ر)سجاد حسن کی زیر کمانڈ پولیس دستوں کی مزید علاقوں کچی بنوں اور جموں سرگانی کی جانب پیش قدمی جاری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں